پشاور: خیبرپختونخوا حکومت وفاقی حکومت کی توانائی بچت سے متعلق تجاویز سے متفق ہوگئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت کی فیول بچت سے متعلق تجاویز کا جواب دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت وفاقی حکومت کی توانائی بچت سے متعلق تجاویز سے متفق ہے۔
وفاقی حکومت نے کورونا کے دوران استعمال کی جانے والی پالیسی کے بیشتر نکات صوبائی حکومت کو بھیجے تھے ۔
ذرائع کے مطابق توانائی بچت کے لیے وفاقی حکومت کی مارکٹیوں کو جلد بند کرنے ، ورکنگ ڈیز کو ایک دن کم کرنے اور توانائی بحران پر قابو پانےکے لیے ایک دن ورک فرام ہوم کرنے کی تجویز تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دفاتر میں 50 فیصد عملے کو روٹیشن پالیسی پر کام کرنے، تعلیمی اداروں میں حاضری کم کرنے اور آن لائن کلاسز کی تجویز تھی۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کابینہ کے آج ہونےوالے اجلاس میں توانائی بحران سے متعلق تجاویز پر غور ہوگا۔
پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران پر وفاقی حکومت نے صوبوں سے مشاورت مکمل کرلی ہے، وفاقی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ عید قریب آرہی ہے مارکیٹس کے لیے ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے کاروبار پر فرق نہ پڑے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ کفایت شعاری ضروری ہے تاہم عوامی مفاد کو مدنظر رکھنا بہت اہم ہے۔
اس کے علاوہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے بھی جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی کابینہ آج ہونے والے اجلاس میں فیول بچت کے لیے مختلف تجاویز پر غور کرے گی ، پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں اور دستیابی کو ڈیجیٹلی مانٹیرکیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ ذخیرہ اندوزی پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے، ڈی سیز کو آگاہ کردیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کریں۔






















Leave a Reply