کراچی: مشرق وسطیٰ کی صورت حال کے باعث فضائی حدود کی بندش کے بعد قطر ائیر ویز، فلائی دبئی اور ائیر عربیہ کے 3 طیارے28فروری سے کراچی ائیرپورٹ کی پارکنگ میں موجود ہیں۔
غیر ملکی ائیر لائنز کے طیاروں کی کراچی ائیرپورٹ آمد اور پارکنگ سے پی اے اے کو پارکنگ فیس کی مد میں ہزاروں ڈالر کا ریونیو بھی حاصل ہوا ہے۔
پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی ذرائع کے مطابق28 فروری کے دن اچانک فضائی حدود کی بندش سے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی 27 پروازوں کے طیاروں نے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی۔ اس میں طیاروں کی ٹیکنیکل لینڈنگ، ڈائیورژن اور ری روٹ شامل ہیں۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق عالمی ہوا بازی کی تنظیم آئیکا کی ہداہت پر آپریشنل کرائسز کنٹرول (occ) تمام ائیرپورٹس پر فعال ہوتے ہیں۔ 28 فروری کو کراچی ائیرپورٹ پر 15 سے زائد طیاروں کی ڈائیورژن ہوئی تھی، مختلف ائیرلائنز کے 12 طیارے چلے گئے لیکن غیر ملکی ائیر لائنز کے 3 طیارے کراچی ائیرپورٹ کی پارکنگ پر تاحال موجود ہیں، جن میں قطر ائیر ویز، فلائی دبئی اور ائیر عربیہ شامل ہیں۔
ان پروازوں کے تمام مسافر 28 فروری سے کراچی کے ہوٹلوں میں مقیم ہیں، مختلف ائیر لائنز اپنے مسافروں کو متبادل کے طور پر ان کی منزل مقصود پر روانہ کر رہی ہے۔

























Leave a Reply