آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پانچویں میچ میں نیپال کو سابق عالمی چیمپئن انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے تو شکست دے دی تاہم نیپال نے سب کے دل جیت لیے۔
ممبئی میں ہونے والے میچ میں انگلینڈ نےپہلے کھیلتے ہوئے نیپال کو 185 رنز کا بڑا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم نے خوب مقابلہ کیا اور انگلش ٹیم کے چھکے چھڑادیے۔
نیپال کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بناسکی۔ آخری اوور میں نیپال کو 10 رنز درکار تھے تاہم انگلش بولر سیم کرن نے عمدہ بولنگ کا مظاہر کیا اور نیپال کی ٹیم آخری اوور میں صرف 5 رنز بناسکی۔
نیپال کی جانب سے بہترین مقابلے کے بعد سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے اپنی خدمات نیپالی ٹیم کو پیش کردیں۔
ایک پر جاری پیغام میں ڈیل اسٹین نے لکھا کہ نیپال اگر کبھی بھی ضرورت پڑے تو میں اپنی خدمات پیش کرتا ہوں۔
ڈیل اسٹین کے علاوہ دیگر ممالک کے سابق کرکٹرز نے بھی نیپالی کرکٹ ٹیم کی خوب تعریف کی۔
سابق بھارتی بلے باز یووراج سنگھ نے نیپال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک کے خلاف ڈٹے رہے اور آخری گیند تک مقابلہ جاری رکھا اور ثابت کر دیا کہ یقین اور حوصلہ کیا کچھ کر دکھا سکتا ہے۔
یووراج سنگھ کا کہنا تھا کہ ایسے ہی ٹیمیں بنتی ہیں اور ایسے ہی چیمپئن ابھرتے ہیں،کرکٹ کی دنیا دیکھ رہی ہے۔
سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ایکس پر لکھا کہ کیا شاندار کرکٹ میچ تھا، ایسے ہی مقابلے کرکٹ کو دلوں کے قریب بناتے ہیں، نیپال کے کھلاڑیوں نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا۔


























Leave a Reply