تازہ ترین
تازہ ترین

شادی کے چند ماہ بعد ہی دلہن کی موت، سسرالیوں پر زہر دینے کا الزام

لاہور : کاہنہ کچوانہ گاؤں میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو قتل کردیا، پولیس نے شوہر سمیت 3 افراد پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ کے گاؤں کچوانہ میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر زہریلی چیز دے کر نوبیاہتا بہو کو قتل کر دیا، جس پر پولیس نے مقتولہ کے شوہر، ساس اور دیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 22 سالہ حمیرا زبیر کے نام سے ہوئی ہے، جسے دو روز قبل انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی اور دورانِ علاج دم توڑ گئی۔

مقتولہ کے لواحقین کے مطابق حمیرا کی شادی 8 ماہ قبل کچوانہ گاؤں کے رہائشی مدثر سے ہوئی تھی۔

FOLLOW US ON ARY TUBE

مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ گھریلو لڑائی جھگڑے کی بنا پر خاوند مدثر اور دیگر سسرالیوں نے حمیرا کو مبینہ طور پر زہریلی چیز دی جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے بھائی کی درخواست پر شوہر، ساس اور دیور کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق روری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، واقعے کے اصل حقائق اور موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد سامنے آ سکے گی۔

Source: پاکستان