تازہ ترین
تازہ ترین

راہزنی کی وارداتوں میں ملوث 7 ملزمان مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاک

پشاور(26 نومبر 2026): سردی کے آغاز کے ساتھ ہی شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے پشاور پولیس متحرک ہو گئی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن ’اسٹریٹ فائٹ‘ بھرپور انداز میں جاری ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر سمیع نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کی ہدایت پر نومبر کے آغاز میں شروع کیے گئے اس آپریشن کا بنیادی مقصد اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اور متحرک ملزمان کی نشاندہی کرنا ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق آپریشن کے دوران راہزنی کی وارداتوں میں ملوث 7 ملزمان مختلف مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاک ہو چکے ہیں، جو شہر کے متعدد تھانوں کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

اس کے علاوہ اسنیچنگ کیسز میں مطلوب 27 گرفتار ملزمان سے لوٹا ہوا مال مسروقہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ڈاکٹر سمیع نے مزید بتایا کہ رواں ماہ 850 سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کا ڈیٹا دوبارہ چیک کیا گیا، جس کی جانچ پڑتال کے بعد متحرک اسنیچر گروپس کی نشاندہی ممکن ہوئی۔

پولیس نے شہر بھر میں اسٹریٹ کرائم کے 15 ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کر کے وہاں پولیس پٹرولنگ بڑھا دی ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹیموں کو فوری رسپانس کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

Source: پاکستان