تازہ ترین
تازہ ترین

درفشاں سلیم نے ’درِ نجات‘ میں ’زریاب‘ کے پیچیدہ کردار پر خاموشی توڑ دی

اداکارہ درفشاں سلیم نے ’درِ نجات‘ میں ’زریاب‘ کے پیچیدہ کردار پر خاموشی توڑ دی ہے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل درِ نجات کی اداکارہ دُرِفشاں سلیم نے ’زریاب‘ کے جذباتی اور پیچیدہ کردار کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

خلیج ٹائمز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں درفشاں سلیم نے شہریار منور کے کردار ’ابوبکر‘ کے ساتھ زریاب کے تعلق پر ناظرین کے ردعمل پر بات کی۔ انہوں نے زریاب کی جذباتی غیر یقینی کیفیت کا بھی ذکر کیا اور وضاحت کی کہ کسی کردار کو نبھانے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اس کے ہر فیصلے کی تائید کی جائے۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اس کردار کی ’انسانی حقیقت‘ نے خاص طور پر متاثر کیا کہ کس طرح دل ٹوٹنے کا عمل ایک عورت کی اپنی شناخت اور اپنی ذات کی قدر  کے احساس کو متاثر کر سکتا ہے۔

انہوں کہا کہ زریاب کے کردار میں مجھے اس انسانی حقیقت میں دلچسپی تھی کہ جب کوئی عورت کسی ایسے شخص کی وجہ سے اندر سے ٹوٹ جائے جسے وہ محبت کرتی ہو تو کیا ہوتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ وہ خود کو قصوروار ٹھہرانے لگے، اپنی قدر و قیمت کو فراموش کر بیٹھے یا یہ پہچاننے میں مشکل محسوس کرے کہ وہ اب کیسی انسان بن گئی ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ کہانی اس کی تکالیف کی حمایت کر رہی ہے بلکہ یہ محض ان تکالیف کو سمجھنے کی ایک کوشش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ایک اداکار کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ کسی کردار کو ایمانداری سے پیش کرے نہ کہ یہ طے کرے کہ ناظرین اس کردار کو کس نظر سے دیکھیں۔ میرے خیال میں اداکار کا کام ناظرین کو یہ بتانا نہیں ہے کہ انہیں کیا سوچنا چاہیے۔ اس کا کام تو کردار میں اتنی ایمانداری سے جان ڈالنا ہے کہ لوگ خود اس کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہو جائیں۔

درِ نجات کے حوالے سے ہونے والی گفتگو ڈرامے کی حدود سے باہر نکل گئی ہے جہاں ناظرین زریاب کے فیصلوں اور ابوبکر کے ساتھ اس کے تعلق کی نوعیت پر بحث کر رہے ہیں۔

درفشاں کے مطابق ناظرین کی یہ دلچسپی محض افسانوی کرداروں تک محدود نہیں بلکہ اس کے پیچھے کچھ گہرے معنی پوشیدہ ہیں، لوگ صرف زریاب اور ابوبکر کو نہیں دیکھ رہے بلکہ وہ محبت، دکھ، ذہنی بحالی اور اس بارے میں اپنے ذاتی نظریات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ انسانوں کو ایک دوسرے سے کیا توقع رکھنی چاہیے یا وہ کیا پانے کے حقدار ہیں۔

انہوں نے ابوبکر کے کردار کی عکاسی کا بھی دفاع کیا خاص طور پر اس کی مہربانی اور جذباتی پختگی کے حوالے سے جس پر کچھ ناظرین نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ایسا کردار حقیقت پسندانہ ہو سکتا ہے، وہ ایک ایسی نرم خوئی کی نمائندگی کرتے ہیں جو ناظرین کو ہمیشہ دیکھنے کو نہیں ملتی، ہو سکتا ہے لوگوں کو وہ ’حقیقت سے کچھ زیادہ ہی اچھے‘ لگیں، لیکن میرا نہیں خیال کہ مہربانی، صبر اور جذباتی پختگی کو غیر حقیقی سمجھا جانا چاہیے۔

رشتوں اور خود مختار خواتین سے وابستہ توقعات پر بات کرتے ہوئے درفشاں نے مزید کہا کہ محبت کا مطلب ’ساتھی کا ساتھ‘ ہونا چاہیے نہ کہ کسی ایسے شخص کی تلاش جو پہلے سے مکمل زندگی کو ’مکمل‘ کرے۔

Source: پاکستان