تازہ ترین
پاکستان

کرپٹو اثاثوں کی چوری کے بعد پاکستانی صارفین کے لیے بڑا اقدام

اسلام آباد : کرپٹو اثاثوں کی چوری کے بعد پاکستان کے کرپٹو صارفین کے تحفظ کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان کے باضابطہ قیام کا اعلان کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرپٹو اثاثوں کی چوری اور صارفین کے مالی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ‘ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان’ کے باضابطہ قیام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اس اتحاد کا بنیادی مقصد پاکستان میں کرپٹو کرنسی صارفین اور کاروباری اداروں کو ایک منظم پلیٹ فارم پر لانا، سائبر سیکیورٹی اور سرمایہ کاروں کی آگاہی کو فروغ دینا ہے۔

ایشیاء ویب تھری الائنس جاپان کی بانی ہنزہ آصف کو ویپ (VAP) کی پہلی چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایچ ٹی ایکس (HTX) کے کنٹری مینیجر سید احتشام حمدانی کو الائنس کا سینئر وائس چیئرمین منتخب کیا گیا ہے، اتحاد میں صنعت کے دیگر نامور ماہرین اور اہم شخصیات بھی شامل کی گئی ہیں۔

FOLLOW US ON ARY TUBE

الائنس کے سینئر وائس چیئرمین احتشام حمدانی نے بتایا کہ پاکستان کرپٹو اپنانے کے عالمی انڈیکس میں دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔ تاہم، ملک میں کرپٹو صارفین کی تعداد 2 کروڑ ہونے کا تخمینہ فی الحال غیر مصدقہ ہے اور اس سے متعلق کوئی آزادانہ ڈیٹا موجود نہیں ہے، ویپ کا پہلا ہدف مقامی اداروں کے تعاون سے مستند ڈیٹا اور آزادانہ تحقیق جمع کرنا ہے۔

اتحاد کا مقصد ذمہ دارانہ مارکیٹ سرگرمیوں، شواہد پر مبنی پالیسی مکالمے اور سائبر سیکیورٹی تعلیم کو فروغ دینا ہے تاکہ عالمی تجربات کے ذریعے پاکستان کی ڈیجیٹل اثاثہ صنعت مستفید ہو سکے۔

الائنس کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ ویپ (VAP) کو کوئی ریگولیٹری اختیار یا حکومتی توثیق حاصل نہیں ہے، تاہم یہ اتحاد پاکستان کی ورچوئل اثاثہ صنعت کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے ایک پرائیویٹ سیلف ریگولیٹری پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔

Source: پاکستان