کراچی: شہر قائد کے علاقے بلوچ کالونی ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے میں عمارت کے ملبے سے مزید 2 لاشیں نکال لی گئیں، تعداد 6 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ ملنے والی 2 لاشوں کی شناخت شناخت علی حسن اور عابد علی کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں، ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب بلوچ کالونی کے قریب عمارت گرنے کے واقعے کے بعد سندھ حکومت نے بلال میمن کو سیکریٹری بلدیات سندھ اور عابد سلیم کو ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی تعینات کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلوچ کالونی کے قریب عمارت گرنے کے واقعے کے بعد سندھ حکومت نے بڑے انتظامی فیصلے کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) شرقی سمیت اہم عہدوں پر افسران کو تبدیل کر دیا۔
جس کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے، جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد علی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ بلال میمن کو سیکریٹری بلدیات سندھ تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں عابد سلیم کو ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) تعینات کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر شرقی نصر اللہ عباسی کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
کراچی میں 5 سال کے دوران عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات، 87 افراد جاں بحق
سندھ حکومت کی جانب سے یہ کارروائیاں بلوچ کالونی کے قریب عمارت گرنے کے واقعے کے بعد سامنے آئی ہیں، جس کے بعد متعلقہ محکموں اور انتظامی عہدوں پر نئی تعیناتیوں کا عمل عمل میں لایا گیا ہے۔
Source: پاکستان



