کراچی : گزشتہ 5 سال کے دوران عمارتیں گرنے کے 15 بڑے واقعات میں مجموعی طور پر 87 افراد جاں بحق ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں عمارتیں گرنے کے 5 سالہ ہولناک اعداد و شمار سامنے آ گئے، 15 بڑے واقعات میں 87 افراد لقمہ اجل بنے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 5 سال کے دوران عمارتیں گرنے کے 15 بڑے افسوسناک واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 87 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔
سامنے آنے والے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ عمارتیں منہدم ہونے کے واقعات میں سب سے زیادہ جانی نقصان ضلع جنوبی میں ہوا، جہاں 3 مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق ہوئے۔
اسی طرح ضلع کیماڑی میں عمارتیں گرنے کے 3 واقعات میں 23 افراد، جبکہ ضلع شرقی میں 3 افسوسناک حادثات میں 20 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
ضلع کورنگی میں عمارتیں گرنے کے 2 واقعات میں 6 افراد اور ضلع وسطی میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ضلع ملیر اور ضلع غربی میں ایک ایک واقعہ رپورٹ ہوا جن میں مجموعی طور پر 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
بڑے حادثات میں لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرنے کے المناک سانحے میں 27 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ شیر شاہ میں گیس دھماکے کے بعد عمارت زمین بوس ہونے سے 17 افراد لقمہ اجل بنے۔
سولجر بازار کی گل رانا کالونی میں عمارت گرنے کے واقعے میں 15 افراد، جبکہ شاہ فیصل کالونی میں زیرِ تعمیر عمارت منہدم ہونے سے 5 مزدور جاں بحق ہوئے۔ نیو کراچی میں فیکٹری کا ڈھانچہ گرنے کے حادثے میں فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 فائر فائٹرز نے جامِ شہادت نوش کیا۔
علاوہ ازیں مچھر کالونی میں 2 مختلف واقعات میں عمارت کی چھت گرنے سے 6 افراد، پی آئی بی کالونی اور اولڈ لیاری کے واقعات میں 4 افراد، جبکہ کھڈا مارکیٹ لیاری میں غنی مینشن کا حصہ گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
گزشتہ 5 برسوں کے دوران نارتھ ناظم آباد، اللہ والا ٹاؤن، بھینس کالونی اور منگھوپیر روڈ پر بھی عمارتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
Source: پاکستان



