کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں بلڈنگ گرنے کے واقعے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آ گئی ہے، اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 8 افسران کو معطل کر دیا گیا۔
جن افسران کو معطل کیا گیا ہے ان میں ڈائریکٹر چنیسر ٹاؤن بھی شامل ہیں، تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور بلڈنگ انسپیکٹر بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔
گزشتہ رات گئے کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بیان میں کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا، اب تک 3 افراد اس واقعے میں جاں بحق ہوئے ہیں، ریسکیو کا کام جاری ہے۔
کراچی میں منہدم عمارت کے مالک، ٹھیکیدار سمیت 6 افراد زیر حراست
افسران کی معطلی کے حکم نامے جاری کر دیے گئے ہیں، معطل ہونے والے افسران میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماجد علی مگسی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شفیع مگسی، بلڈنگ انسپیکٹر جاوید قدیر، بلڈنگ انسپیکٹر ساجد علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضا خشک، ڈائریکٹر عبد السمیع جملانی شامل ہیں۔
معطل کیے گئے افسران کو ایڈمن سیکشن ایس بی سی اے رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
غیر قانونی عمارتیں سیل
کراچی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ کو بھی ہوش آ گیا ہے، اور ایڈمن سوسائٹی میں غیر قانونی طور پر تعمیر ہونے والی عمارتوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 12 زیر تعمیر عمارتوں کو سیل کر دیا گیا ہے، ڈی سی ایسٹ کے مطابق کراچی ایڈمن سوسائٹی میں اب تک غیر قانونی طور پر تعمیر ہونے والی بارہ عمارتوں کو سیل کیا گیا ہے۔
ڈی سی ایسٹ نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کا سلسلہ مزید بڑھایا جا رہا ہے۔
Source: پاکستان



