کراچی:فیس لیس ای چالان سے بچنے کے لیے شہریوں کے غیر قانونی حربوں کیخلاف شارع فیصل پر خصوصی کلیمپنگ آپریشن شروع کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں فیس لیس ای چالان سے بچنے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس لگانے یا نمبر پلیٹس چھپانے والے شہریوں کے خلاف کراچی ٹریفک پولیس نے بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
اس مقصد کے لیے ٹریفک پولیس کی خصوصی کلیمپنگ ٹیم تیار کر لی گئی ہے جس نے شارع فیصل پر باقاعدہ آپریشن کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ ٹریکس سروس کے باقاعدہ آغاز کو ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم بعض شہری قانون شکنی کرتے ہوئے جان بوجھ کر گاڑیوں کی نمبر پلیٹس چھپاتے، ہٹاتے یا مٹاتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ نمبر پلیٹس چھپانا یا جعلی نمبر پلیٹس لگانا صریحاً غیر قانونی ہے، اس لیے اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایسی تمام مشکوک گاڑیوں کو گراؤنڈ پر چیک کر کے موقع پر ہی بند (کلیمپ) کیا جائے گا۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ اسپیشل کلیمپ ٹیم انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرے گی۔ گاڑی کو شکنجہ کستے ہی خلاف ورزی پر نہ صرف ٹکٹ جاری ہوگا بلکہ کلیمپ چارجز بھی عائد کیے جائیں گے، اور گاڑی کو ٹریفک پولیس سے چھڑوانے کے لیے 2 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
پیر محمد شاہ نے مزید بتایا کہ جب تک اصل نمبر پلیٹ اور گاڑی کے کاغذات پیش نہیں کیے جاتے، گاڑی ہرگز واپس نہیں کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی ٹیم موقع پر دو مرتبہ جائے گی، ایک بار کلیمپنگ اور دوسری بار ان کلیمپنگ کے لیے، تاہم مالکان کی جانب سے تاخیر کی صورت میں کلیمپ کی گئی گاڑی کو قریبی ٹریفک پولیس چوکی منتقل کر دیا جائے گا۔
Source: پاکستان



