پشاور (13 اکتوبر 2026): مشیر صحت خیبر پختونخوا لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان سے منسوب صحت کارڈ کے خاتمے سے متعلق بیان جھوٹ قرار دے دیا گیا۔
مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے جاری بیان میں واضح کیا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان سے منسوب صحت کارڈ کے خاتمے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا بیان جھوٹا ہے، سہولت کے حوالے سے چند عناصر پروپیگنڈا پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے بیان میں کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر نوشیروان برکی کی ٹرمینیشن کے حوالے سے گردش کرنے والا نوٹیفکیشن بھی جعلی ہے، ہم کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں کریں گے، خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت اور شفاف کارکردگی ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے مفاد میں منصوبے جاری رکھیں گے، کہیں بھی غفلت یا بے ضابطگی سامنے آئی تو بلاامتیاز احتساب ہوگا۔
واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان صوبائی معاملات چلانے کیلیے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کی رکن ہیں۔ ایڈوائزری کونسل یہ افراد شامل ہیں:
- کفایت اللہ خان (مشیر داخلہ)
- طارق محمود پاشا (مشیر فنانس)
- سابق ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا عامر جاوید (مشیر قانون)
- ڈاکٹر سید عامر عبداللہ (مشیر تعلیم)
- پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر خان (مشیر صحت)
- سابق ایڈوائزر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سرفراز علی شاہ (مشیر مائنز اینڈ منرلز)
- ڈاکٹر محمد ارشاد (مشیر انڈسٹریز اینڈ کامرس)
- آصف رفیق آفریدی (مشیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس)
- خطیب اعلیٰ مولانا محمد طیب قریشی (مشیر مذہبی امور)
- عثمان سیف اللہ خان (مشیر برائے انرجی)
- ایم این اے ثمر ہارون بلور (مشیر برائے اطلاعات و نشریات)
Source: پاکستان



