کراچی: رومانیہ سے گندم لیکر آنے والا بلک کیریئر جہاز پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگیا تاہم ملک بھر میں قیمتیں کم نہ ہو سکیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ کے ساتھ ساتھ اب پورٹ قاسم پر بھی درآمدی گندم کے بحری جہازوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، تاہم بھاری مقدار میں گندم کی درآمد کے باوجود ملک بھر میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی۔
رومانیہ سے درآمدی گندم لے کر آنے والا بلک کیریئر جہاز “ایم وی الیکس” پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔
یہ جہاز پنجاب کے لیے 54 ہزار 983 ٹن گندم لے کر پہنچا، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) اب تک مجموعی طور پر 5 بحری جہازوں کے ذریعے رومانیہ سے 2 لاکھ 73 ہزار 603 ٹن گندم درآمد کر چکی ہے۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
جن میں سے 3 جہاز پنجاب جبکہ ایک، ایک جہاز خیبرپختونخوا اور سندھ کے لیے گندم لے کر پاکستان پہنچے ہیں۔
2 لاکھ 73 ہزار ٹن سے زائد گندم ملک میں پہنچنے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں قیمتیں قابو میں نہیں آ سکیں۔
فلور ملز مالکان نے فائن آٹے کی قیمت میں 20 روپے اور ڈھائی نمبر آٹے میں 15 روپے فی کلو کا مزید اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد فائن آٹا 220 روپے فی کلو ، ڈھائی نمبر آٹا 190 روپے فی کلو اور اوپن مارکیٹ میں گندم 150 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
اس حوالے سے ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ درآمدی گندم کی آمد کے باوجود زیادہ کھپت اور بندرگاہوں سے گندم کی ترسیل میں تاخیر کے باعث مقامی مارکیٹ میں سپلائی متاثر ہے، یہی وجہ ہے کہ قیمتوں میں کمی نہیں ہو پا رہی۔
Source: پاکستان



