انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرز حیدرآباد کی شریک مالک کاویا مارن نے اپنی شادی کی خوشی میں سن گرپ کے ملازمین کو قیمتی تحفہ دے دیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشہور موسیقار انیرودھ روی چندر کے ساتھ کاویا کی شادی کی خوشی میں ملازمین کو سونے کی انگوٹھیاں تحفے میں دے رہی ہیں۔
ایکس پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے مطابق ملازمین کو ایسے تحفے کے ڈبے دیے گئے جن میں شادی کے دعوت نامے، چاکلیٹس اور سونے کی انگوٹھیاں موجود تھیں، ویڈیو میں ایک ملازم حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہتا ہے کہ انہیں سونے کے سکے ملنے کی توقع تھی لیکن اس کے بجائے انہیں سونے کی انگوٹھیاں دی گئیں۔
ڈبے میں موجود دعوت نامے میں 25 نومبر کو ظہرانے کا ذکر ہے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ سن گروپ کے ملازمین کے لیے کوئی الگ تقریب ہے، کیونکہ چنئی میں جوڑے کی شادی کی بڑی تقریب (ریسیپشن) کے بارے میں خبریں ہیں کہ وہ 21 نومبر کو منعقد ہوگی۔
SRH Owner Kavya Maran presents Gold Ring to all the Sun Group Employees.
Reception on November 25. https://t.co/eA6I4R2U1V
— SportsGully Cricket 🏏 (@sportsgullycric) November 20, 2026
اس اقدام کو سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے جہاں مداح کاویا اور مارن خاندان کی تعریف کر رہے ہیں۔
اگرچہ ملازم نے سونے کی انگوٹھی ملنے کی تصدیق کی ہے لیکن اس کا وزن اور مالیت معلوم نہیں ہوسکی۔ سن گروپ کی جانب سے بھی اس بارے میں کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ کتنے ملازمین کو یہ تحائف دیے گئے۔
واضح رہے کہ یہ تحائف کاویا اور انیرودھ کی ہفتہ 21 نومبر کو چنئی میں ہونے والی شادی کی بڑی تقریب سے قبل دیے گئے ہیں۔
جوڑے نے 11 نومبر کو یونان میں ایک شاندار تقریب کے دوران شادی کی تھی جس میں سپر اسٹار رجنی کانت اور تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔
Source: پاکستان


