محکمہ صحت پنجاب میں کینسر کے علاج کے علاج بند ہونے سے متعلق خبروں کی حقیقت سامنے آگئی۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ میڈیا میں نجی اسپتالوں میں کینسر کے علاج بند ہونے سے متعلق چلنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل جائزے کے دوران ادویات پر چھپی ہوئی قیمتوں اور اسپتالوں کی اصل خریداری کی لاگت کے درمیان نمایاں فرق سامنے آیا جس کے باعث مریضوں کی علاج معالجے کی مقررہ حد (10 لاکھ روپے) جلد ختم ہو رہی تھی اسی بنیاد پر اضافی چارجز اور ادویات پر غیر ضروری منافع کی روک تھام کے لیے ادارے نے فوری اقدامات کرتے ہوئے چیف منسٹر کینسر پیشنٹس پروگرام کے تحت پرائیویٹ اسپتالوں کے لیے کینسر کی ادویات اور کیموتھراپی کی قیمتوں کو باقی ہسپتالوں کی قیمتوں کے مطابق یکساں کر دیا گیا اور اس حوالہ سے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے اسپتالوں کے خلاف ایکشن بھی لینے کی ہدایت کی گئی۔
اس اقدام کا مقصد کینسر کے علاج کے لئے فی مریض 10 لاکھ روپے سالانہ کی دستیاب رقم کو بہتر طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی فائدہ پہنچانا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق کینسر کی ادویات اور علاج کی قیمتوں کی اس یکسانیت سے نظام میں مکمل شفافیت، یکساں معیار اور عوامی فنڈز کے زیادہ مؤثر اور بہتر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے گااوراس اقدام سے مقررہ بجٹ میں رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مریضوں کو علاج کی سہولت میسر آسکے گی۔
علاوہ ازیں ادائیگی کی قیمتوں پر نظر ثانی اور منافع کے مارجن میں کمی کے باوجود پینل پر موجود پرائیویٹ اسپتال پروگرام کے تحت کینسر کے مریضوں کو علاج کی فراہمی بدستور جاری رکھے ہیں۔



