اسلام آباد: موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمند طلبا کی بڑی مشکل آسان ہوگئی ، بڑی رعایت کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طالب علموں کے لیے ایک خصوصی اور بڑا ریلیف پیکیج متعارف کرا دیا۔
جس کے تحت اسٹوڈنٹس کو موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے 42 دن کا لازمی لیرنر دورانیہ پورا کرنے سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بتایا کہ اس خصوصی سہولت کے تحت طالب علم معمول کے 42 دن کے انتظار کے بغیر اسی دن اپنا موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔
یہ خصوصی رعایت 1 نومبر سے 30 نومبر 2026ء تک میسر رہے گی، تاکہ اسٹوڈنٹس کو تیز رفتار اور آسان طریقہ کار کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جا سکے۔
اہلیت اور عملدرآمد کا طریقہ
اہل طالب علم نومبر کے پورے مہینے کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز تشریف لے جا کر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
اس اقدام کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے عمل کو سادہ بنانا اور طویل انتظار کے وقت کو ختم کرنا ہے۔
حکام نے اس سہولت سے مستفید ہونے کے خواہشمند اسٹوڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز جانے سے قبل اپنے اصل شناختی کارڈ، اسٹوڈنٹ کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات کی تصدیق یقینی بنائیں۔
Source: پاکستان


