24 اپریل کو ریلیز ہونے والی بائیوپک فلم ’مائیکل‘ نے دنیا بھر میں ہی مائیکل جیکسن کے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
لیجنڈری پاپ اسٹار کی زندگی کے نشیب و فراز پر بننے والی اس بائیوپک کا پہلا حصہ ریلیز کردیا گیا ہے جہاں مداح مائیکل جیکسن کے کردار میں ان کے بھتیجے جعفر جیکسن کو دیکھ کر پاپ اسٹار کی پرفارمنسز یاد کررہے ہیں وہیں کراچی کے ایک شہری کو ان کے ساتھ ڈانس پرفارمنس کرنے کا اعزاز حاصل ہوچکا ہے ۔
کراچی کے علاقے ملیر کے رہائشی باشم سلیم ایک نجی گارمنٹس کمپنی میں ملازم اور پارٹ ٹائم ڈانسر ہیں جنہوں نے پاپ اسٹار سے متاثر ہوکر ڈانس کرنا شروع کیا تھا۔
جیو ڈیجیٹل سے گفتگو میں باشم نے جعفر جیکسن کے ساتھ ملاقات اور بائیوپک مائیکل کے بارے میں گفتگو کی۔
باشم نے کہا کہ’ہمارے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ طویل انتظار کے بعد مائیکل جیکسن پر مبنی فلم ریلیز کردی گئی ہے، برسوں بعد دوبارہ انہیں اسٹیج پر پرفارم کرتے دیکھنے کا تجربہ یقینا ناقابل فراموش ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ مائیکل کے کردار میں جعفر جیکسن کو دیکھ کر بھی اچھا محسوس ہوا۔
باشم نے بتایا کہ’سال 2020 کی بات ہے جب مجھے جعفر جیکسن سے کراچی میں ملنے کا اتفاق ہوا۔ بینظیر یونیورسٹی لیاری میں جعفر سے ملاقات ہوئی تھی اور ان کے ساتھ اسٹیج پر ڈانس بھی کیا تھا، جعفر ایک اچھی شخصیت کے مالک ہیں وہ بہت حیران اور خوش تھے کہ مائیکل کے فینز لیاری میں بھی ہیں اور یہاں اتنا ٹیلنٹ ہے‘۔
باشم بلوچ کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور ملیر سے قبل لیاری میں رہائش پذیر تھے۔
فلم کا پتہ کیسے چلا؟
باشم نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں فلم کا پتہ چلا اور فوراً ہی دوستوں کے ساتھ فلم دیکھنے کا پلان بنا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ’میں نے مائیکل کا پہلا گانا جو ٹی وی پر دیکھا وہ ’ڈینجرس‘ تھا، 90 کی دہائی میں سوشل میڈیا تھا نہیں اس لیے پاپ اسٹار کو دیکھنے کا واحد ذریعہ ٹی وی تھا، میرے گھر والے اور میں انتظار کرتے، ڈش اینٹینا وغیرہ کا بندوبست کرکے انہیں دیکھا کرتے تھے۔ اس فلم میں مائیکل خود نہیں ہیں لیکن ان سے جڑی ماضی کی وہ تمام حسین یادیں تازہ ہوگئی ہیں‘۔
واضح رہے کہ آسکر یافتہ پروڈیوسر گراہم کنگ نے سال 2019 میں مائیکل جیکسن اسٹیٹ سے لیجنڈری پاپ اسٹار پر بائیوپک بنانے کے رائٹس خریدے تھے جسے انٹوائن فوقوا نے ڈائریکٹ کیا ہے ۔


























Leave a Reply