وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہا ہےکہ ملک کی امن و سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہمیں اپنے شہدا پر فخر ہے، معرکہ حق میں قوم اور بہادر افواج نے دشمن کو ایسی عبرتناک شکست دی کہ وہ ہاتھ ملتا رہ گیا۔
معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر واہگہ بارڈر پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے بارڈر پر پریڈ کی جس میں خواتین اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہدا کی ماؤں کو سلام پیش کرتی ہوں، نواز شریف کو بھی سلام جس نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنادیا، وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی قوم سلام پیش کرتی ہے، قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتی ہے، فیلڈ مارشل نے دشمن کو ایسا جواب دیا کہ وہ ہاتھ ملتا رہ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانیوں کی امانت کی بھرپور طریقے سے حفاظت کی، فوجی قیادت اور بارڈر پر کھڑے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی محاذ پر بھی جنگ کو جیتا ہے، تاریخ میں لکھا جائےگا کہ جس نے خطرناک ترین ورلڈ وار تھری کو رکوایا وہ کوئی اور نہیں بلکہ پاکستان تھا، دنیا بھر کے ممالک پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں۔


























Leave a Reply