سعودی عرب رواں سال کے آخر میں اپنی پہلی فرنچائز ٹی 20 کرکٹ لیگ کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ڈیونز لیگ ٹی 20 اکتوبر میں شروع ہونے کی توقع ہےاور اس میں ریٹائرڈ کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے، تاہم یہ انٹرنیشنل ریٹائرڈ کھلاڑی فرنچائز کرکٹ میں اب بھی متحرک ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹی 20 لیگ کی سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے منظوری دی ہے، 6 ٹیموں پر مشتمل لیگ کے میچز طائف میں کھیلے جائیں گے، لیگ میں زیادہ سے زیادہ چار ایسے کھلاڑیوں کی شمولیت متوقع ہے جنہوں نے دو سالوں میں مکمل رکن ممالک کی نمائندگی کی ہوگی۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق لیگ میں کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ معاوضہ ایک لاکھ ڈالر تک ملنےکا امکان ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران سعودی عرب کھیلوں کی دنیا میں ایک بڑی تبدیلی لانے والی قوت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ تیل سے مالا مال یہ مملکت اپنی معیشت کو متنوع بنانے کے لیے فٹبال، ٹینس اور باکسنگ کے بڑے اور منافع بخش ایونٹس منعقد کر رہی ہے۔
گزشتہ تین برسوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ سعودی عرب ایک ایسی ٹی 20 لیگ متعارف کرواسکتا ہے جو آئی پی ایل کا مقابلہ کرے۔ گزشتہ سال آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے گرینڈ سلیم طرز کے عالمی ٹی 20 ایونٹ میں ممکنہ سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں۔
عملی طور پر سعودی عرب نے کرکٹ کی دنیا میں اپنی موجودگی بتدریج بڑھائی ہے۔ اس نے آئی سی سی کے ساتھ اسپانسرشپ معاہدے کیے ہیں۔ 2024 میں سعودی عرب نے آئی پی ایل کی نیلامی کی میزبانی کی اور گزشتہ سال متحدہ عرب امارات کی ILT20 لیگ کے ساتھ شراکت داری بھی قائم کی۔


























Leave a Reply