حافظ آباد: سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کا بے دردی سے قتل کردیا گیا ، ان کی لاش ان کے کمرے سے برآمد ہوئی تھی۔
حافظ آباد کے علاقے کسوکی بائی پاس کے قریب سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس بھٹی کو گلا دبا کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے، جس کا مقدمہ ان کے 4 ذاتی سیکیورٹی گارڈز سمیت 10 سے زائد ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او حافظ آباد فواد احمد نے بتایا کہ لیاقت عباس بھٹی کی لاش ان کے کمرے سے برآمد ہوئی تھی اور ابتدائی معائنے میں ان کے گلے پر رسی سے گلا گھونٹنے کے واضح نشانات پائے گئے ہیں۔
پولیس نے مقتول کے بھتیجے اور رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) ضمیر الحسن بھٹی کی مدعیت میں تھانہ سٹی میں قتل اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ مقتول کے 4 ذاتی سیکیورٹی گارڈز سمیت 10 سے زائد ملزمان نے سابق وفاقی وزیر کو گلا دبا کر قتل کیا اور واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے گھر سے 50 تولے سونے کے زیورات، 20 لاکھ روپے نقدی، اسلحہ اور مقتول کی 3 قیمتی گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
ڈی پی او فواد احمد کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ مقتول لیاقت عباس بھٹی ماضی میں 2 مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی رہ چکے تھے، جبکہ وہ سابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور رکن اسمبلی انیقہ مہدی کے چچا تھے۔
Source: پاکستان



