ایرانی نیول چیف ایڈمرل شهرام ایرانی نے کہا ہے کہ ہم جلد ہی سمندر میں دشمن کو تاریخی سبق سکھائیں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان کا مشرقی علاقہ قوم کیلئے اُحد کے مقام کی طرح دفاعی حیثیت رکھتا ہے، آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کا داخلی راستہ مکمل طور پر ایران کےکنٹرول میں ہے۔
ایرانی نیول چیف نے کہا کہ خطے سے باہر کے مخالفین کی تمام نقل وحرکت پر 24 گھنٹے نظر رکھی جارہی ہے، دشمن سب سے زیادہ ایرانی عوام اور ان کے درمیان موجود اتحاد و یکجہتی سےخوفزدہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج سپریم لیڈر کی قیادت میں ثابت قدمی اور استقامت کے ساتھ کھڑی ہیں۔
امریکی جنگی بیڑا
ایران سے بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر امریکا نے نیا جنگی بحری بیڑا مشرق وسطیٰ میں تعینات کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن گزشتہ روز سینٹرل کمانڈ کے علاقے میں پہنچنے کے بعد آپریشنز انجام دے رہا ہے۔
سینٹ کام نے کہا کہ جارچ واشنگٹن کو ابراہم لنکن کی جگہ تعینات کیا گیا۔ واضح رہے کہ امریکی قانون سازوں نے ابراہم لنکن کے عملے کی ذہنی صحت پر تشویش کا اظہار کیا تھا جبکہ میڈیا پر بھی سوال اٹھائے جا رہے تھے۔
