بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل میں گرل فرینڈزکلچر اور غیر متعلقہ افرادکی آمدورفت کا نوٹس لے لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل میں کوڈ آف کنڈکٹ کی متعدد خلاف ورزیاں کی گئیں جس پر بھارتی بورڈ نے نوٹس لیتے ہو ئے سخت ہدایات نامہ جاری کیا ہے۔
بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل ٹیموں کو 8 صفحاتی حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں کھلاڑیوں اور ٹیموں کواحکامات جاری کیے گئے ہیں کہ مستقبل میں خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی جب کہ حکم نامے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا اور ہدایت نامے میں تمام پروٹوکولز کو تفصیلی انداز میں بتایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ کے اینٹی کرپشن اینڈ سکیورٹی یونٹ نے خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے جب کہ رپورٹ میں فرنچائز مالکان کے پی ایم او اے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا بھی بتایا گیا ہے۔
بھارتی بورڈ کےاینٹی کرپشن اینڈ سکیورٹی یونٹ کی جانب سے خلاف ورزیوں کی نشاندہی پر کھلاڑیوں اور ٹیموں کومستقبل میں خلاف ورزی سےگریزکرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق غیر متعلقہ افراد کے ہوٹل میں داخلے پر پابندی ہوگی، ٹیم مینجر کے علم میں لا کر ملنے کی اجازت ہوگی، مہمان اور وزیٹر ز کو ہوٹل کی مخصوص جگہ پر ملا جاسکے گا اور کوئی مہمان ہوٹل کے کمرے میں نہیں جائے گا۔
حکم نامے میں یہ بات بھی کی گئی ہے کہ ہوٹل سے باہرجانے کے لیے سکیورٹی اور ٹیم مینجر کو پہلے بتانا لازمی ہوگا جب کہ ڈگ آؤٹ میں ٹیم آنرز یا ان کے نمائندے کھلاڑیوں سے بات چیت نہیں کر سکیں گے۔
بھارتی بورڈ نے غیر متعلقہ افراد کی ہوٹل میں آمد، آنرز کی نقل و حرکت اور ویپ پینے پر پابندی عائد کردی ہے۔


























Leave a Reply