شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو بیٹے کے بات نہ کرنے اور وقت نہ دینے پر آبدیدہ ہوگئے۔
ساجد حسن کے ساتھ حالیہ انٹرویو کے دوران جان ریمبو نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ میں اہلیہ صاحبہ افضل سے کہتا ہوں کہ بچے ایک ہی گھر میں رہتے ہوئے بھی اپنے اپنے کمروں میں الگ تھلگ رہتے ہیں، میں کہتا ہوں کہ یہ لوگ بعد میں پچھتائیں گے، انہیں کہو کہ کچھ وقت میرے پاس آ کر بیٹھ جایا کریں۔
انہوں نے ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس کے نتیجے میں خاندان کے افراد کے درمیان بڑھتی ہوئی دوری پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
اس سے قبل جان ریمبو اور ان کی اہلیہ صاحبہ افضل نے اپنے بیٹے احسن خان کی ‘لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز’ سے گریجویشن مکمل کرنے پر خوشی منائی تھی۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ریمبو نے اپنے بیٹے کی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین باپ محسوس کر رہے ہیں، اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اداکاری کے میدان میں کئی ایوارڈز جیتے ہیں، لیکن “یہ میرا سب سے بڑا ایوارڈ ہے، آج میرے بیٹے نے لمز سے گریجویشن مکمل کر لی ہے۔
واضح رہے کہ جان ریمبو پاکستان کے تجربہ کار اداکار اور مزاح نگار ہیں جو پی ٹی وی کے کلاسک سٹ کام ‘گیسٹ ہاؤس’ 1991 میں ‘جان ریمبو’ کے مشہور کردار کی بدولت جانے جاتے ہیں۔
