Preloader

مولانا نور الدین عبد الرحمٰن نقش بندی کو بالخصوص اسلامی ممالک میں مولانا جامی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ وہ صوفی شاعر اور روحانی شخصیت مشہور ہیں۔ ان کی شاعری اور ان کے تصوف پر مبنی افکار کا اثر ایک طرف ایران و ترکیہ سے لے کر ہند و پاک اور وسطی ایشیا تک، تو دوسری طرف افریقا کے شمال اور مشرقی یورپ تک پایا جاتا ہے۔

تاریخ کی کتابوں‌ میں‌ ان کا ذکر اور ان کے بارے میں جو معلومات ملتی ہیں، ان کے مطابق جامی نے صوبہ خراسان کے قصبہ خرجرد میں 1414ء میں‌ آنکھ کھولی۔ محققین کے مطابق ان کے والد نظام الدین احمد بن شمس الدین ہرات چلے گئے تھے، مگر ان کا اصل وطن ’’دشت‘‘ (اصفہان کا ایک شہر) تھا، اسی لیے اوّلاً انھوں نے ’’دشتی‘‘ تخلّص اختیار کیا۔ دورانِ تعلیم سعید الدین محمد کاشغری کی صحبت میں تصوف کی طرف مائل ہوئے اور بعد میں اپنی صوفیانہ شاعری اور ایک نعتیہ کلام کی وجہ سے شہرت پائی۔ حضرت جامی نقش بندی سلسلے کے معروف بزرگ خواجہ عبیداللہ احرار سے بھی گہری عقیدت رکھتے تھے اور انہی کی خانقاہ سے تعلیمِ باطنی اور سلوک کی تکمیل کی۔ اوائلِ عمری میں اپنے والد کے ساتھ ہرات اور پھر سمرقند جانے کا موقع ملا جہاں علم و ادب کی تحصیل کے علاوہ دینی علوم اور تاریخ پڑھنے اور سمجھنے کے بعد انھوں نے سعد الدین محمد کا شغری سے تصوّف کا درس لیا۔ جامی ایک صوفی اور اپنے دور کے جیّد عالم و عاشقِ رسول مشہور تھے۔

صوفیانہ کلام کے ساتھ مولانا جامی کو بطور نعت گو بہت شہرت ملی۔ کہتے ہیں‌ کہ انھوں‌ نے تقریباً 16 مرتبہ حجِ بیت اللہ کیا اور مدینہ منوّرہ میں قیام رہا۔ حضرت جامی نے شاعری میں تصوّف اور روحانیت کے موضوع پر بھی کتابیں لکھی ہیں۔ ان سے منسوب تصانیف میں ’’سلسلۃُ الذھب، خرد نامہ سکندری، مثنوی یوسف و زلیخا، لیلیٰ مجنوں، فاتحۃ الشباب، خاتمۃُ الحیات اور شرح ملّا جامی‘‘ کے علاوہ ایک نثری کتاب ’’بہارستان‘‘ شامل ہے۔ مشہور ہے کہ عمر کے آخری حصّے میں ان پر جذب و مستی کی کیفیت طاری تھی اور وہ دنیا سے بے نیاز ہوگئے تھے۔ ان کے وصال کی تاریخ 9 نومبر 1492ء ہے۔ تاہم محققین کا اس پر اختلاف ہے۔ بوقتِ وصال وہ ہرات میں مقیم تھے۔ ہرات ہی میں تختِ مزار میں حضرت مولانا سعد الدین پیر بزرگوار کی قبر کے سامنے مولانا جامی کا مدفن ہے۔

مولانا عبدالرحمٰن جامی سے متعلق تذکروں میں آیا ہے کہ ’’مولانا عبدالرحمٰن جامی ایک جہاں دیدہ بزرگ تھے۔ اسلامی ممالک کی مشرقی حدود سے لے کر مغربی حدود تک تمام اہلِ زباں، اُن کی بے حد قدر کرتے تھے۔ جس مجلس میں بھی قدم رکھتے، سب اُن کی زبان دانی، شاعرانہ قدرت، عصری علوم میں ان کی دست گاہ اور روحانی اثرات کا اعتراف کرتے تھے۔ صدیاں گزر جانے کے باوجود لوگوں کی ان سے عقیدت آج بھی برقرار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *