حکومت نے مختلف اسکیموں کے تحت قرضوں کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپےکر دی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچرلون اسکیموں کا جائزہ لیا گیا اور ان اسکیموں کے تحت قرضوں کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپےکر دی گئی۔
وزیراعظم نے قرض کیلئےکم از کم عمر کی حد 21 سال سےکم کر کے 18 سال کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ اسکیم کے تحت ذاتی قرضے آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پروگرام میں خواتین کیلئے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں، خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کےم واقع فراہم کیے جائیں اور خواتین کی کاروباری سرگرمیوں میں شمولیت بڑھانے کے مواقع میسر کیے جائیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق رواں سال قرضوں کیلئے 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کم عمری میں ہی کاروبار شروع کرنےکے مواقع فراہم کیئےجائیں، نوجوانوں کو کم عمری میں زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کریں، سمیڈا نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز کے لیے ہرممکن معاونت فراہم کرے۔
نوجوانوں کیلئے اسکیموں، حکومتی اقدامات سےمتعلق آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آگاہی مہم چلائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان سہولیات سے مستفید ہو سکیں، نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں بااختیار بنانےکیلئےمواقع فراہم کریں گے نوجوانوں کی صلاحیتوں کوبروئے کار لانے کیلئے مواقع فراہم کریں گے، نوجوانوں کو باعزت و پیداواری روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے لےکر اب تک 581341 نوجوانوں کو قرضہ فراہم کیا گیا
جو گزشتہ 10سال کی نسبت 10 گنا زیادہ ہے۔ اب تک 313.9 بلین کے قرضہ جات دیئے جا چکے ہیں اور 2026-27 میں 266700 نوجوانوں کو 292 بلین قرضہ دینےکا تخمینہ ہے۔
