Preloader

اردو شعرا میں کئی نام ایسے ہیں جن کے اشعار زباں زدِ عام ہوئے اور اکثر ان کے اشعار کو اپنی تحریر کی دل کشی بڑھانے یا دوران گفتگو مافی الضمیر بیان کرنے کے لیے سنایا جاتا ہے۔ محشر بدایونی انہی میں سے ایک ہیں ان کا یہ شعر ملاحظہ کیجیے:

اب ہوائیں ہی کریں گی روشنی کا فیصلہ
جس دیے میں جان ہو گی وہ دِیا رہ جائے گا

یہ شعر کسی پُرجوش مقرر کی زبانی یا کسی مباحثے کے دوران بھی ہم سن سکتے ہیں۔ آج اس شعر کے خالق کی برسی ہے۔ محشر بدایونی 9 نومبر 1994ء کو وفات پاگئے تھے۔ وہ اردو ادب میں بطور شاعر اہم اور قابلِ ذکر شخصیت رہے ہیں مگر آج ان کا نام کم ہی سننے میں آتا ہے۔

بدایوں کو ہندوستان کا مشہور تاریخی شہر ہی نہیں کہا جاتا بلکہ بدایوں میں ان شخصیات نے آنکھ کھولی جنھوں نے علمی و ادبی شعبہ جات میں بڑا نام و مرتبہ پایا۔ محشر بھی 4 مئی 1922ء کو بدایوں میں پیدا ہوئے تھے۔ اسی نسبت سے محشر بدایونی مشہور ہوئے۔ ان کا اصل نام فاروق احمد تھا۔ ابتدائی تعلیم بدایوں سے مکمل کی۔ قیامِ پاکستان کے بعد ہجرت کر کے کراچی آگئے۔ علم و ادب سے ان کی وابستگی اور شعری سفر کا آغاز پہلے ہی ہوچکا تھا۔ کراچی میں اپنے ادبی ذوق و شوق کو جاری رکھا اور ملازمت ریڈیو پاکستان میں اختیار کرلی۔ اس زمانے میں ریڈیو پاکستان کا جریدہ آہنگ شایع ہوا کرتا تھا۔ محشر بدایونی نے اس جریدے کے معاون مدیر کی حیثیت سے کام کیا اور بعد میں اس کے مدیر بنے۔ وہ کراچی کی ادبی نشستوں اور مشاعروں میں شرکت کرتے رہے اور بطور شاعر پہچانے گئے۔ محشر صاحب بنیادی طور پر غزل کے شاعر تھے۔ ان کی کتابوں میں شہرِ نوا، غزل دریا، گردش کوزہ، فصلِ فردا، حرفِ ثنا اور شاعر نامہ، سائنس نامہ شامل ہیں۔

ان کا یہ شعر بھی بہت مشہور ہے

کچھ ایسے بھی ہیں تہی دست و بے نوا جن سے
ملائیں ہاتھ تو خوشبو نہ ہاتھ کی جائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *