Preloader

چھوٹے شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کی ہیکڑی نکال دی، انڈر نائنٹین ایشیاکپ میں پاکستان نے حمزہ ظہور کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت کو شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے مسقط میں جاری ایونٹ کے دوران سنسنی خیز مقابلے میں تین وکٹ سےمیدان مارا، حمزہ ساتویں نمبر پر کھیلتے ہوئے فتح گر سنچری بنا کر میچ کے ہیرو قرار پائے۔

پاکستانی لٹل اسٹار حمزہ ظہور کے گھر پر جشن کا سماں ہے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد حمزہ کے گھر پہنچ گئی۔

حمزہ کے والد نے کہا کہ بیٹےکی کامیابی کےلیے بہت دعائیں کیں بھارت سےجیتنےکی بہت خوشی ہے امید تھی مشکل میں حمزہ کچھ کر کے دکھائے گا۔ چچا نے کہا کہ بھتیجے کو یہی پیغام دیا تھا بھارت سے نہیں ہارنا۔

میچ جتوانےکے بعد حمزہ نے وہ پرچی دکھائی جس پر انہوں نے بھارت کیخلاف ففٹی بنانے کاعزم کیا تھا لیکن ٹیم مشکل میں آئی تو نصف سنچری پر اکتفا کرنے کے بجائے سنچری بنا کر پاکستان کو کامیابی دلائی۔

حمزہ نے بتایا کہ پرچی میں لکھا تھا کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فتح دلوانی ہے اور جب موقع ملے گا تو اسکور کرنا ہے تاہم آج غلطی سے پہلے والے میچ کی پرچی لے گیا جس میں لکھا تھا کہ ففٹی کروں گا۔

حمزہ ظہور نے کہا کہ دباؤ نہیں لیا بس اپنی بیٹنگ کو انجوائے کیا، مجھے جو پلان دیا گیا تھا اسی کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی۔

ساتویں نمبر پر بلےبازی کرتے ہوئے ناقابل فراموش سنچری اسکور کی اور انتہائی مشکل وقت میں وکٹ پرآکر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

حمزہ نے 108 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے بھارتی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔

ہدف کے جواب میں پاکستان کے ابتدائی 5 کھلاڑی صرف 61 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے جس کے بعد حمزہ ظہور اور حسنین عباس ڈار نے چھٹی وکٹ پر 107 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ حسنین عباس ڈار نے 67 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *