لندن : تعلیم کے حصول کیلیے بیرون ملک جانے والے طلبہ کے لیے وہاں بینک اکاؤنٹ کھلوانا ایک بہت سادہ سا عمل ہے، آپ روایتی (ہائی اسٹریٹ) بینکوں یا ڈیجیٹل بینکوں میں باآسانی اکاؤنٹ بنوا سکتے ہیں۔
مائیگرنٹ ریسورس سینٹر پاکستان کی جانب سے بیرون ملک جانے والے طلبہ و طالبات کے لیے وہاں بینک اکاؤنٹ کھلوانے سے متعلق اہم رہنمائی جاری کی گئی ہے، جس میں ضروری دستاویزات، اکاؤنٹ کے انتخاب اور رجسٹریشن کے مراحل سے آگاہ کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے مختلف طریقہ کار اختیار کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم بنیادی دستاویزات اور مراحل تقریباً ایک جیسے ہوتے ہیں۔
مائیگرنٹ ریسورس سینٹر کے مطابق طلبہ کو سب سے پہلے ایسے بینک کا انتخاب کرنا چاہیے جو خصوصی طور پر طلبہ کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کی سہولت فراہم کرتا ہو، اس مقصد کے لیے ایسا بینک منتخب کرنا بہتر ہے جس کی قریبی برانچ، کم فیس اور آن لائن بینکنگ کی سہولت دستیاب ہو۔
رہنمائی میں بتایا گیا ہے کہ بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے عموماً پاسپورٹ، ویزا یا رہائشی اجازت نامہ، اسٹوڈنٹ آئی ڈی یا داخلہ کلیئرنس، اس ملک میں رہائش کا ثبوت (کرایہ نامہ یا دیگر متعلقہ دستاویزات) اور بعض صورتوں میں اوقاتِ کار کی تفصیلات یا شناختی نمبر درکار ہو سکتے ہیں۔
طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بینک جانے سے پہلے آن لائن فارم پُر کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں، کیونکہ بعض بینک آن لائن اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دیتے ہیں۔ اگر بینک برانچ جانا ضروری ہو تو پہلے سے وقت لے لینا چاہیے تاکہ غیر ضروری انتظار سے بچا جا سکے۔
اس کے علاوہ بینک میں رجسٹریشن کے لیے فارم پُر کرکے مطلوبہ دستاویزات جمع کروانا ہوں گی۔ بعض بینک ابتدائی رقم جمع کروانے کی شرط بھی عائد کرسکتے ہیں۔
پاکستانی طلبہ کے لیے بیرون ملک مفت تعلیم حاصل کرنے کا نادر موقع
