Preloader

امریکا کے لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈیلٹا ایئر لائنز اور ایئر کینیڈا کے طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز جب روانگی کے لیے ٹیکسی وے پر جا رہی تھی تو اس کا ونگ ٹپ  ایئر کینیڈا کے طیارے کے پچھلے حصے سے ٹکرا گیا۔

ایئر کینیڈا نے بتایا کہ طیارہ ٹورنٹو سے پہنچا ہی تھا کہ ڈیلٹا کے ایک طیارے سے ٹکر ہوئی جو روانگی کے لیے تیار تھا، ڈیلٹا کی یہ پرواز ٹوکیو کے ہنیڈا ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہونے والی تھی۔

تصاویر میں ڈیلٹا کے طیارے کے  ونگ کا ایک حصہ ایئر کینیڈا کے طیارے کے اسٹیبلائزر (دم کے حصے) میں دھنسا ہوا دیکھا جاسکتا ہے، ٹکر کے نتیجے میں ڈیلٹا کے طیارے کے ونگ کا ایک حصہ الگ ہو کر دوسرے طیارے میں پھنس گیا۔

ایئر لائن کے مطابق ڈیلٹا کے طیارے میں 275 مسافر اور عملے کے 15 ارکان سوار تھے۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثے کے وقت ایئر کینیڈا کے طیارے میں مسافر موجود تھے یا نہیں۔

حادثے میں خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

ڈیلٹا کی پرواز میں سوار ایک مسافر نے ‘آئی وٹنس نیوز’ کو بتایا کہ طیارہ گیٹ سے نکل کر رن وے کی طرف بڑھ رہا تھا کہ ایسا محسوس ہوا جیسے ایئر کینیڈا کا طیارہ اس کے راستے میں آ گیا ہو۔

ایئر لائن انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس واقعے کے باعث ہونے والی رکاوٹ اور تاخیر پر معذرت کا اظہار کیا۔

حادثے کے بعد دونوں طیاروں کو سروس سے ہٹا دیا گیا، ایئرپورٹ کے نمائندے کے مطابق ایل اے ایکس  پر ایئرپورٹ کا آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *