کوئٹہ (7 اکتوبر 2026): بلوچستان کے شہر پنجگور جاتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج اسد اللہ رئیسانی مبینہ طور پر لاپتا ہوگئے۔
ان کے بھائی عبدالسلام نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایڈیشنل سیشن جج گزشتہ روز گاڑی میں پنجگور روانہ ہوئے تھے، آدھے راستے تک اسد اللہ رئیسانی رابطے میں تھے جس کے بعد رابطہ منقطع ہوگیا، وہ تاحال پنجگور پہنچے اور نہ ہی گھر واپس آئے ہیں۔
دوسری جانب، ایڈیشنل سیشن جج کی تلاش کیلیے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کی کوششیں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ 23 جولائی 2026 کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ولی خان بائی پاس کے قریب مسلح افراد کے حملے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ گن مین سمیت شہید ہوگئے تھے۔
حملے میں ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری بھی زخمی ہوئے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ دونوں جج صاحبان کوئٹہ سے سیشن کورٹ مستونگ جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا، حملے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ موقع پر ہی شہید ہوئے۔
