کیلیفورنیا : امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے نئے آئی فون 18 پرو کے خریداروں کو نئی پریشانی نے گھیر لیا، جس کے سبب صارفین پریشان ہوگئے۔
مہنگے ترین آئی فون 18 پرو سیریز کے بعض صارفین کی جانب سے فون کے رنگ کے پھیکا پڑنے اور ڈس کلریشن کی شکایات سامنے آرہی ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئے آئی فون کی پینٹ کوٹنگ کے معیار سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متعدد صارفین نے ریڈٹ پر آئی فون 18 پرو کے برگنڈی رنگ کے ایسے یونٹس کی تصاویر شیئر کی ہیں جن کا رنگ وقت گزرنے کے ساتھ مدھم پڑتا دکھائی دیتا ہے، بعض صارفین نے بلیک رنگ کے آئی فونز میں بھی اسی نوعیت کی تبدیلی کی نشاندہی کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رنگ میں تبدیلی کا آغاز مبینہ طور پر فون کے کیمرہ لینز کے اردگرد کے حصے سے ہوتا ہے اور بعد ازاں یہ تبدیلی ایلومینیم باڈی کے دیگر حصوں تک پھیل جاتی ہے۔
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی گرد، چکنائی یا کسی ظاہری نقصان کی وجہ سے نہیں ہوئی، کیونکہ فون کو صاف کرنے کے باوجود رنگ پہلے جیسا نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ یہ صورتحال گزشتہ سال آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس کے بعض صارفین کی شکایات سے بھی مماثلت رکھتی ہے۔

گزشتہ سال بھی فون متعارف ہونے کے چند ہفتوں بعد صارفین نے خاص طور پر کاسمیٹک اورنج رنگ میں غیر معمولی ڈس کلریشن کی شکایات کی تھیں جبکہ ڈیپ بلیو رنگ کے کچھ یونٹس میں بھی پینٹ تبدیل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
آئی فون 18 پرو کے معاملے میں صارفین اس خرابی کی ممکنہ وجوہ پر قیاس آرائیاں کررہے ہیں۔ بعض صارفین کا خیال ہے کہ فون کو زیادہ دیر تک دھوپ یا الٹرا وائلٹ روشنی میں رکھنے سے پینٹ متاثر ہوسکتا ہے کیونکہ مبینہ طور پر رنگ میں تبدیلی فون کے بیرونی ماحول میں کچھ وقت گزارنے کے بعد نمایاں ہوتی ہے۔
اس ممکنہ مسئلے سے بچنے کے لیے بعض صارفین فون کو ہر وقت کیس میں رکھنے سمیت مختلف احتیاطی تدابیر بھی تجویز کررہے ہیں، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ رنگ پھیکا پڑنے کی اصل وجہ کیا ہے؟۔ ٹیکنالوجی ماہرین اور صارفین اب ایپل کی جانب سے باضابطہ وضاحت کا انتظار کررہے ہیں۔
اس لیے صارفین کو امید ہے کہ اگر آئی فون 18 پرو میں بھی مینوفیکچرنگ یا کوٹنگ کا مسئلہ ثابت ہوا تو کمپنی متاثرہ فونز کے لیے متبادل یا کسی اور حل کا اعلان کرے گی۔
