لاہور (11 ستمبر 2026): وزیر اعلیٰ مریم نواز کے نجی دورہ لندن کے اخراجات پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا کار جمع کروا دی گئی۔
تحریک التوا کار آزاد رکن صوبائی اسمبلی وقاص محمود مان کی جانب سے جمع کروائی گئی، جس کے متن میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ کے سفر کیلیے مبینہ طور پر پنجاب حکومت کا سرکاری طیارہ استعمال کیا گیا، طیارے کے اخراجات کی مد میں 1 کروڑ 25 لاکھ روپے سرکاری خزانے سے خرچ ہوئے۔
تحریک التوا کار کے متن کے مطابق اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو معاملہ سرکاری وسائل کے ذاتی استعمال اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا ہے، عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے دوچار ہے جبکہ نویں جماعت کے نتائج نے تعلیمی نظام پر سوالات اٹھا دیے۔
وقاص محمود مان نے اس میں مزید کہا کہ سرکاری وسائل کا نجی خاندانی مصروفیت پر مبینہ طور پر استعمال عوامی تشویش کا باعث بنا، واضح کیا جائے کہ سرکاری طیارہ کس قانونی و انتظامی اختیار کے تحت استعمال کیا گیا، وضاحت دی جائے کہ طیارے پر ہونے والے اخراجات کس مد میں ادا کیے گئے؟
رکن اسمبلی نے تحریک کو باضابطہ قرار دے کر ایوان میں بحث کروانے کی استدعا بھی کی۔
’مریم نواز نے دورہ لندن کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے‘
گزشتہ روز وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ کے نجی دورہ لندن پر سرکاری اخراجات کی افواہوں پر ردعمل دیا تھا۔
عظمیٰ بخاری نے ایکس پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورہ لندن سرکاری اخراجات پر کرنے کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے سرکاری اخراجات پر دورہ لندن میں صداقت نہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ انہوں نے دورہ لندن کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حل ہی میں لندن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بیٹی کی گریجویشن کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
