وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ بجٹ میں غریب آدمی کیلئے کوئی ٹیکس نہیں، بجٹ ریلیف پرمبنی ہے، ہم خوشحالی کے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن سے خطاب میں عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ بجٹ میں ہر طبقے کی ڈیمانڈ کو پورا کیا گیا ہے، آج میکرو اکنامک استحکام آیا ہے تو اسےتسلیم تو کریں، ایسی معیشت بنیں گے کہ ساری دنیا دیکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے مشکل معاشی حالات میں اقتدار سنبھالا، تاریخ اس قدم کو یاد رکھے گی جب وزیراعظم شہباز شریف نے نعرہ لگایا کہ میں ریاست کو بچاؤں گا، سیاست کی پرواہ نہیں، اگرہم آئی ایم ایف کے پروگرام میں نہ جاتے تو یہ خوشحالی نہ آتی، ملک میں ایکسچینج ریٹ کی رد وبدل ایسی ہوتی تھی جیسے پنکھا چلتاتھا، ملک میں کاروباری طبقہ پس چکا تھا۔
عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ بجٹ میں غریب آدمی کیلئے کوئی ٹیکس نہیں، بجٹ ریلیف پرمبنی ہے، ہم خوشحالی کے دور میں داخل ہو رہے ہیں، بجٹ میں ہر طبقے کیلئے گنجائش پیدا کر کے ان کی ڈیمانڈز کو پورا کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ پچاس ہزار ماہانہ تنخواہ کمانے والے پر کوئی ٹیکس نہیں، جس کی تنخواہ پچاس ہزار سے ایک لاکھ کے درمیان ہے اس پرایک فیصد ٹیکس ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ جب پاکستان کی بات ہو تو پاکستان کی عزت میں عزت محسوس کریں، عالمی سطح پر پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے، آج پوری دنیا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کی کاوشوں کو سراہ رہی ہے، آج سبز پاسپورٹ کی بھی عزت ہے اور آج پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2026-27 کیلئے 18 ہزار 771 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کیا گیا۔






















Leave a Reply