واٹس ایپ نے اگست 2021 میں تصاویر اور ویڈیوز کی پرائیویسی اور ایپ کی میموری کو بچانے کیلئے ‘ویو ونس’ کا فیچر متعارف کرایا تھا۔
اس فیچر کے تحت بھیجی جانیوالی تصویر یا ویڈیو ایک بار کھلنے کے بعد چیٹ سے مکمل طور پر غائب ہوجاتی ہے۔
مگر اب اس کو بہتر بنایا جارہا ہے اور ٹیکسٹ میسجز کو بھی اس فیچر کا حصہ بنایا جارہا ہے
میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں اس فیچر کو بہتر بنانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
اس فیچر سے صارفین ایسے تحریری پیغامات بھیج سکیں گے جو ایک بار پڑھنے کے بعد خودبخود غائب ہوجائیں گے۔
اس فیچر سے صارفین کو حساس معلومات جیسے پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات وغیرہ شیئر کرنے کا موقع ملے گا اور لیک ہونے کا خطرہ بھی نہیں ہوگا۔
درحقیقت جب ویو ونس فیچر متعارف کرایا گیا تھا تو کمپنی نے کہا تھا کہ اس فیچر کو وائی فائی لاگ ان تفصیلات یا دیگر حساس تفصیلات کی تصاویر شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
واٹس ایپ میں پہلے ہی ڈس اپیئرنگ میسجز کا فیچر موجود ہے جس میں ٹیکسٹ میسج مخصوص وقت کے بعد غائب ہوجاتا ہے۔
مگر ویو ونس کا نیا فیچر مکمل چیٹ کی بجائے کسی ایک مخصوص میسج کے لیے استعمال کیا جاسکے گا جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد غائب ہوجائے گا۔
جب یہ فیچر صارفین کو دستیاب ہوگا تو اس کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی بہت آسان ہوگا۔
آپ میسج ٹائپ کرنے کے بعد سینڈ بٹن کو دبا کر رکھیں گے تو ایک مینیو نظر آئے گا جس میں مختلف آپشنز موجود ہوں گے جن میں سے ایک سینڈ ایز ویو ونس کا آپشن بھی ہوگا۔
جب آپ میسج بھیج دیں گے اور دوسرا فرد جب بھی اسے اوپن کرکے ایک بار پڑھے گا تو اس کے بعد وہ میسج خودکار طور پر غائب ہو جائے گا۔
اس میسج کو کاپی، فارورڈ یا سیو کرنا ممکن نہیں ہوگا جبکہ اسکرین شاٹ بھی نہیں لیے جاسکیں گے۔
متعدد صارفین کی جانب سے ٹیکسٹ میسجز کے لیے ویو ونس آپشن کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جارہا تھا۔
فی الحال اس فیچر پر کام کیا جارہا ہے اور بیٹا ورژن کے صارفین کو بھی دستیاب نہیں، تو ہوسکتا ہے کہ مزید کچھ تبدیلیاں کی جائیں۔


























Leave a Reply