بھارتی کرکٹ ٹیم اور انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلورو کے بلے باز ویرات کوہلی کے سابق ساتھی لیام لیونگسٹن نے کھلاڑی کے بھارت سے لندن شفٹ ہونے کی وجہ بتادی۔
لیام لیونگسٹن نے ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوہلی میدان سے باہر نہایت پُرسکون، خاندانی، سادہ اور دوستانہ مزاج انسان ہیں لیکن میدان میں قدم رکھتے ہی انتہائی جارحانہ اور مقابلہ کرنے والے کھلاڑی بن جاتے ہیں۔
لیام نے کہا کہ ویرات بھارت میں ملنے والی غیر معمولی شہرت اور ہر وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز بننے والی زندگی زیادہ پسند نہیں کرتے، وہ ایسی زندگی کے خواہش مند نہیں تھے جو وہ بھارت میں جی رہے ہیں، انہیں پرسکون ماحول میں رہنا پسند ہے جہاں ان پر توجہ نہ دی جائے اور اپنی مرضی سے آزاد گھومنے پھرنے دیا جائے۔
ان کے مطابق ویرات کوہلی ایک خوش مزاج شخصیت کے مالک ہیں جو اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں اور دنیا گھومنا چاہتے ہیں، انہیں شہرت کے سبب گھر میں بند رہنا بالکل پسند نہیں۔
لیام لیونگسٹن نے مزید بتایا کہ کوہلی کی ہر حرکت پر کیمرے چوکنا رہتے ہیں اور عوام کی نظر ہوتی ہے جس کی وجہ سے انہیں ہر وقت غیر معمولی توجہ کا سامنا رہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد بیرونِ ملک منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی بنیادی طور پر لندن میں مقیم ہیں، وہ اپنی اہلیہ انوشکا شرما اور بچوں سمیت اپنے اہلخانہ کے ساتھ وہاں منتقل ہوئے ہیں۔


























Leave a Reply