پاکستان کے مشہور گلوکار گوہر ممتاز نے انکشاف کیا کہ بالی وڈ سپر اسٹار سنجے دت نے گانا ‘عادت’ اپنی فلم کیلئے مانگا تھا۔
گلوکار گوہر ممتاز نے جیو پوڈکاسٹ میں زندگی اور میوزک سے متعلق مختلف موضوعات پر گفتگو کی اور ماضی کے خوشگوار لمحات کو بھی یاد کیا۔
میزبان مبشر ہاشمی کی جانب سے پوچھا گیا کہ جب ‘جل بینڈ’ بنا اور 19 سال کر لڑکے کو بالی وڈ کے سپر اسٹار سنجے دت کی فون کال آئی تو وہ لمحہ کیسا تھا اور کیا گفتگو کی گئی؟
اس پر گوہر ممتاز نے بتایا کہ یہ ایک یاد گار واقعہ تھا ہمارا بھارت کا دورہ تھا جس میں ہم جوہو، ممبئی میں اپنا نیا البم لانچ کرنے جارہے تھے، اس سے پہلے ہمارے منیجر نے کال کی اور کہا کہ مجھے سے ملیں، جب ہم گئے تو منیجر نے بتایا کہ سنجے دت کی کال آئی ہے اور وہ ہمارا گانا ‘عادت’ اپنی فلم میں لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب سن کر حیران رہ گئے تھے کیونکہ یہ بات ہمیں ہضم نہیں ہورہی تھی لیکن ہمارا گانا ان کی فلم میں اس لے نہیں آیا کیونکہ وہ گانا بھٹ صاحب کی فلم میں آگیا تھا۔
گوہر ممتاز نے بتایا کہ جب ہم ممبئی میں کانسرٹ کیلئے گئے تو ہم نے سنجے دت کو بلایا تھا اور انہوں نے بھی ہمیں اپنے گھر بلایا جہاں ہم نے سوال کیا کہ آپ نے ‘عادت’ گانا کہاں سے سنا، اس پر سنجے دت نے کہا کہ میں پاکستان میں کسی خاتون کو جانتا ہوں جنہوں نے مجھے ایک سی ڈی لا کر دی اور کہا کہ یہ دو نئے لڑکے ہیں گوہر اور عاطف اسلم ان کا نیا گانا سنو جس کے بعد سے یہ گانا ہماری محفلوں میں سنا جاتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ سنجے دت اپنی گاڑی میں بھی جل بینڈ کے گانے سنتے تھے کیونکہ وہ خود بھی ایک بہت بڑے راک اسٹار ہیں اور ہمیں انہوں بتایا کہ سلمان خان، جیکی شروف اور انیل کپور وغیرہ بھی عادت سنتے ہیں، ہم آپ لوگوں کو پسند کرتے ہیں۔
گلوکار نے مزید کہا کہ پاکستان میں جب تک ہم بالی وڈ میں نہ جائیں، ہمیں اس طرح سے نہیں پہچانا جاتا تھا، پاکستان میں بھی یہ گانے بہت اچھے چل رہے تھے، ہٹ تھے، ہمیں فخر ہونا چاہیے پاکستانیوں پر کیونکہ ہم پہلے سے کسی پر انحصار نہیں کرتے تھے، میں نئے میوزیشن سے کہنا چاہتا ہوں کہ اب وہ دور آگیا ہے کہ یوٹیوب پر گانا ڈالیں اور وہ پاکستان بھارت بنگلادیش میں ہٹ ہوجاتا ہے۔


























Leave a Reply