کراچی میں ڈاکو راج برقرار، مسلح افراد نے نوجوان کو لوٹ لیا۔
شہر قائد میں ایک اور نوجوان لٹ گیا، موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے حافظ قرآن اور جامعہ کراچی کے طالبعلم سے موٹرسائیکل اور قیمتی اشیا ٔ چھین لیں۔
واردات گلشن اقبال کے علاقے 13 ڈی میں پیش آئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ملزمان نے نوجوان کو گھر کے باہر لوٹ لیا۔
متاثرہ نوجوان محمد صدیق نے بتایا کہ وہ اپنے کزن کے گھر میں داخل ہونے ہی والا تھا کہ اچانک موٹرسائیکل سوار ملزمان اس کے پاس آئے اور اسلحے کے زور پر موٹرسائیکل، قیمتی گھڑی اور والٹ لے کر فرار ہو گئے۔
نوجوان نے واقعے کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں درج کروا دیا ہے اور پولیس نے واردات کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
نوجوان محمد صدیق کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے جس میں ملزمان کے چہرے واضح نظر آرہے ہیں جس سے ان کی شناخت کرکے تلاش کی جاسکتی ہے لہذا پولیس ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کر لیے کارروائی کرے۔

