تازہ ترین
ایشیا کپ رائزنگ اسٹار میں پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دیجی ٹی اے 6 کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی تاریخ سامنے آگئی، کتنا اسپیس درکار ہوگا؟لڑکیاں شادی کے فیصلے میں جلد بازی نہ کریں، ماورا حسین کا مشورہامتحان میں نقل کرنے والے طلبہ کو پکڑنے کیلیے انوکھا طریقہ متعارفروہنگیا نے میانمار کے خلاف تاریخی قانونی فتح حاصل کر لینئے صوبوں کا قیام پاکستان کی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے: مصطفیٰ کمالہر انسان کے دل میں ایک پوشیدہ جرأت ہوتی ہے جو ضرورت کے وقت سامنے آ جاتی ہے، بونڈی بیچ واقعے کے ہیرو کا بیانماں بننے کے بعد زیادہ محتاط ہوگئی ہوں: عالیہ بھٹایشیا کپ رائزنگ اسٹار میں پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دیجی ٹی اے 6 کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی تاریخ سامنے آگئی، کتنا اسپیس درکار ہوگا؟لڑکیاں شادی کے فیصلے میں جلد بازی نہ کریں، ماورا حسین کا مشورہامتحان میں نقل کرنے والے طلبہ کو پکڑنے کیلیے انوکھا طریقہ متعارفروہنگیا نے میانمار کے خلاف تاریخی قانونی فتح حاصل کر لینئے صوبوں کا قیام پاکستان کی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے: مصطفیٰ کمالہر انسان کے دل میں ایک پوشیدہ جرأت ہوتی ہے جو ضرورت کے وقت سامنے آ جاتی ہے، بونڈی بیچ واقعے کے ہیرو کا بیانماں بننے کے بعد زیادہ محتاط ہوگئی ہوں: عالیہ بھٹ
دنیا

روہنگیا نے میانمار کے خلاف تاریخی قانونی فتح حاصل کر لی

روہنگیا کی نسل کشی کے معاملے میں میانمار کے خلاف او آئی سی کی قیادت میں دائر مقدمے نے قانونی تاریخ رقم کر دی ہے، اس مظلوم قوم نے دی ہیگ میں ایک تاریخی قانونی کامیابی حاصل کر لی، تاہم زمینی سطح پر انصاف کا حصول اس سے بھی کہیں زیادہ مشکل مرحلہ ہوگا۔

عرب نیوز کے مطابق پہلی بار عالمی عدالتِ انصاف نے کسی ریاست کو نسل کشی کے ارتکاب کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

مئی 2018 میں تنظیمِ تعاونِ اسلامی (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ نے کاکس بازار میں پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ کرنے کے بعد ڈھاکا میں اجلاس کیا۔ اس اجلاس میں گیمبیا کے اٹارنی جنرل، ابوبکر تمبادو نے روہنگیا کے معاملے میں جواب دہی کے لیے او آئی سی کی وزارتی کمیٹی قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔

ایک سال بعد مکہ میں ہونے والے او آئی سی سربراہی اجلاس نے گیمبیا سے کہا کہ وہ اس کمیٹی کی قیادت کرے اور مقدمہ عالمی عدالتِ انصاف میں لے جائے۔ گیمبیا نے نومبر 2019 میں تنظیم کے رکن ممالک کی جانب سے مقدمہ دائر کیا۔

جمعرات کو اس اقدام کا نتیجہ ایک غیر معمولی فیصلے کی صورت میں سامنے آیا۔ عدالت نے 9 کے مقابلے میں 6 ووٹوں سے قرار دیا کہ میانمار نے فوج کی 2017 کی ’’کلیئرنس کارروائیوں‘‘ کے دوران شمالی ریاست رخائن میں ’’روہنگیا گروہ کے خلاف نسل کشی کی ہے۔‘‘

ہر انسان کے دل میں ایک پوشیدہ جرأت ہوتی ہے جو ضرورت کے وقت سامنے آ جاتی ہے، بونڈی بیچ واقعے کے ہیرو کا بیان

عدالت اس سے پہلے سربرینیتسا میں نسل کشی قرار دے چکی ہے، لیکن اس نے کبھی کسی ریاست کو نسل کشی کے ارتکاب کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا تھا۔ او آئی سی نے اس فیصلے کو ’’سچائی، انصاف اور عالمی برادری کی خواہش کی فتح‘‘ قرار دیا۔

عدالت نے اقوام متحدہ کے ان اندازوں کو قبول کیا جن کے مطابق کم از کم 10,000 روہنگیا جان سے مارے گئے، اور بڑے پیمانے پر جنسی تشدد، بچوں کے قتل اور دیہات کو منظم طور پر جلانے کے شواہد پائے۔

عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ میانمار نسل کشی کو روکنے میں ناکام رہا، جس میں اس کی فورسز کے ساتھ مل کر کارروائی کرنے والے شہری بھی ملوث تھے، وہ ذمہ داروں کو سزا دینے میں ناکام رہا اور اس نے عدالت کے اپنے 2020 کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شواہد تباہ کیے، جن میں دیہات کو مسمار کرنا اور ان کی جگہ تعمیرات کرنا بھی شامل تھا۔

عدالت نے میانمار کو قانون سازی کرنے، تحقیقات اور مقدمات چلانے، بے گھر افراد کی محفوظ اور رضاکارانہ واپسی کی اجازت دینے اور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔

عدالت کے استدلال کے دو پہلو اس مقدمے کے بعد بھی دیرپا اثرات رکھیں گے۔ ان میں سے پہلا پہلو نیت سے متعلق ہے۔ میانمار کا مؤقف تھا کہ وہ اراکان روہنگیا سالویشن آرمی کے خلاف انسدادِ شورش کی کارروائیاں کر رہا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ بچوں کو نشانہ بنانے، جنسی تشدد اور فرار ہونے والے شہریوں پر حملوں کی اس طرح وضاحت نہیں کی جا سکتی۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ کسی گروہ کو تباہ کرنے کی نیت دیگر مقاصد کے ساتھ موجود ہو سکتی ہے، مثلاً اسے بے دخل کرنا یا سزا دینا۔

2015 میں کروشیا سربیا کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ بڑی حد تک اس لیے ہار گیا تھا کہ عدالت نے بے دخلی کو ایک متبادل وضاحت سمجھا تھا۔ اب اس راستے کی گنجائش محدود ہو گئی ہے۔

دوسرا پہلو شناخت سے متعلق ہے، عدالت نے روہنگیا کو ایک الگ نسلی گروہ تسلیم کیا جسے نسل کشی کے کنونشن کے تحت تحفظ حاصل ہے۔ میانمار کی ریاست نے کئی دہائیوں سے روہنگیا کے بطور قوم وجود سے انکار کیا، انھیں ’’بنگالی‘‘ تارکینِ وطن قرار دیا اور 1982 کے شہریت کے قانون کے تحت ان سے شہریت چھین لی۔

یہ انکار اس کے بعد پیش آنے والے تمام واقعات کی بنیاد تھا۔ اب دنیا کی اعلیٰ ترین عدالت نے اسے مسترد کر دیا ہے۔

فیصلے میں اکثریت کا فرق کم تھا، اور یہ اہم ہے۔ چھ ججوں، جن میں میانمار کے اپنے ایڈہاک جج بھی شامل تھے، نے مرکزی نتیجے سے اختلاف کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ نیت کو مکمل طور پر قطعی شواہد سے ثابت نہیں کیا گیا تھا۔

مستقبل میں اس مقدمے کے جواب دہندگان اس اختلافی رائے کا سہارا لیں گے۔ لیکن اس کے بعد عائد ہونے والی ذمہ داریوں کے معاملے میں ججوں کا اتفاق کہیں زیادہ تھا۔ انہوں نے 2 کے مقابلے میں 13 ووٹوں سے میانمار کو تحقیقات کرنے اور مقدمات چلانے کا حکم دیا۔

عدالت کے فیصلے پابندِ عمل ہیں، لیکن ان پر عمل درآمد کرانے کا اس کے پاس کوئی ذریعہ نہیں۔ اقوام متحدہ کے منشور کی دفعہ 94 کے تحت گیمبیا میانمار کی جانب سے فیصلے پر عمل نہ کرنے کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھا سکتا ہے۔ تاہم سلامتی کونسل نے کبھی کسی عدالتی فیصلے کو مؤثر بنانے کے لیے اپنے اختیار کا استعمال نہیں کیا۔

چین اور روس برسوں سے سلامتی کونسل میں میانمار کو تحفظ دیتے آئے ہیں، اور دونوں اس کی فوج کو اسلحہ فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہیں۔

میانمار کے اندر حالات ایسے ہیں کہ عمل درآمد کی ترغیب ہی نہیں ملتی۔ 2017 میں مسلح افواج کی کمان کرنے والے من آنگ ہلینگ فوج کے زیرِ انتظام انتخابات کے بعد اپریل میں صدر بن گئے۔ جن اداروں کو عدالت نے نسل کشی کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، وہی ادارے اسے انجام دینے میں ملوث تھے۔

روہنگیا کو ان کے گھروں میں واپس بسانے کے حکم کی راہ میں ایک اور رکاوٹ ہے۔ رخائن ریاست کے بیشتر حصے پر اب اراکان آرمی کا قبضہ ہے، جو رخائن نسل کا ایک مسلح گروہ ہے اور خود بھی روہنگیا شہریوں کے خلاف سنگین زیادتیوں کے الزامات کا سامنا کر چکا ہے۔

روہنگیا کے بہت سے گاؤں اب موجود ہی نہیں۔ عدالت نے ایک ریاست کو ایسے علاقے میں واپسی ممکن بنانے کا حکم دیا ہے جس پر اس کا بڑی حد تک کنٹرول نہیں، جب کہ جس قوت کا وہاں کنٹرول ہے وہ اس مقدمے کا فریق نہیں تھا۔

اگلے مرحلے میں میانمار کو دو سال کے اندر رپورٹ پیش کرنا ہوگی، جس کے بعد عدالت معاوضے کا تعین کرے گی۔ جنوب مشرقی ایشیا میں یہ فیصلہ ایک ایسی پالیسی کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے جس پر پہلے ہی عمل جاری ہے۔ اکتوبر میں ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم نے من آنگ ہلینگ کی میزبانی کی اور میانمار کو آسیان میں واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عہد کیا۔

ملائیشیا میں میانمار سے تعلق رکھنے والے تقریباً ایک لاکھ 93 ہزار پناہ گزین اور پناہ کے متلاشی افراد مقیم ہیں، جن میں تقریباً دو تہائی روہنگیا ہیں۔ سب سے فوری دباؤ مالی نوعیت کا ہے۔ بنگلہ دیش میں تقریباً 11 لاکھ 70 ہزار رجسٹرڈ روہنگیا پناہ گزین مقیم ہیں، اور اپریل میں کیمپوں میں خوراک کے راشن کم کر کے بعض افراد کے لیے ماہانہ صرف سات ڈالر تک کر دیے گئے تھے۔

Source: پاکستان