ممبئی: بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے کارکنوں نے میٹا کے دفاتر پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ کی ہے، جو اکاؤنٹ بند کیے جانے پر مشتعل تھے۔
ممبئی، حیدر آباد اور گروگرام میں سوشل میڈیا کمپنی میٹا کے دفاتر کانگریس کے یوتھ ونگ کے احتجاج کا نشانہ بنے، مشتعل کارکنوں نے گملے توڑ ڈالے اور ہنگامہ کیا۔
روئٹرز کے مطابق ارکان کا الزام ہے انسٹا گرام نے اس کے رہنماؤں اور کارکنوں کے اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں، یوتھ ونگ نے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگر میٹا نے اکاؤنٹس بحال نہ کیے تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
جھڑپیں اور گرفتاریاں
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعت کانگریس کے کارکنوں نے میٹا کے دفاتر کے باہر پولیس سے جھڑپیں کیں، ہفتے کو پارٹی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں مظاہرین کو میٹا کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کرتے اور پولیس سے الجھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پرتشدد مظاہرے بتا رہے ہیں کہ کانگریس اور میٹا کے درمیان تنازع میں شدت آ گئی ہے۔
چین امریکی اے آئی ماڈلز سے اپنے ماڈلز کیسے بنا رہا ہے؟ حیران کن طریقۂ سامنے آ گیا
اپوزیشن پارٹی کا کہنا ہے کہ میٹا اختلاف رائے کو دبانے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کی حمایت کرنے میں مصروف ہے، جب کہ میٹا کا کہنا ہے کہ وہ مقامی قوانین کی پابندی کے لیے مواد پر پابندیاں عائد کرتی ہے۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق یوتھ کانگریس کے تقریباً 20 کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ دوسری طرف احتجاج کے بعد ہفتے کو یوتھ کانگریس نے بتایا کہ 2 اکاؤنٹس بحال کر دیے گئے ہیں۔ جب کہ حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں، کنٹینٹ کری ایٹرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ہزاروں اکاؤنٹس اب بھی محدود ہیں۔
میٹا اور بھارت
بھارت صارفین کے لحاظ سے میٹا کی سب سے بڑی منڈی ہے، جہاں مواد ہٹانے کے معاملے پر کمپنی کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔ 2026 کی پہلی ششماہی میں میٹا نے بھارت میں 54 لاکھ سے زائد مواد یا اکاؤنٹس محدود کیے ہیں۔
یہ تعداد انڈونیشیا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے اور گزشتہ 6 ماہ کے دوران محدود کیے گئے تقریباً 70 ہزار مواد یا اکاؤنٹس کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
اٹلی کا میٹا کے خلاف ایکشن، بھاری جرمانہ عائد کر دیا
مودی سرکار کے تحت بھارت میں آن لائن آزادی اظہار کے حوالے سے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔ مودی حکومت سوشل میڈیا کمپنیوں کے لیے ایسے قوانین سخت کر رہی ہے جن کے تحت انھیں غیر قانونی یا عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھے جانے والے مواد کو ہٹانا لازم ہے۔
رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مطابق رواں سال بھارت میں سوشل میڈیا سے صحافتی مواد ہٹائے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ آزادی اظہار کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے ایک نئے ضابطے کے تحت سوشل میڈیا کمپنیوں کو مواد ہٹانے کی درخواستوں کا جائزہ لینے اور فیصلہ کرنے کے لیے انتہائی کم وقت دیا جاتا ہے۔
فروری میں مودی حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو حکم دیا تھا کہ انھیں غیر قانونی مواد کی اطلاع ملنے کے 3 گھنٹے کے اندر اسے ہٹانا ہوگا۔ اس سے پہلے یہ مدت 36 گھنٹے تھی۔
Source: پاکستان



