کافی دنیا کا مقبول ترین مشروب تصور کیا جاتا ہے اور یہ صحت کے لیے بہت زیادہ مفید بھی ہوتا ہے۔
اب دریافت ہوا ہے کہ کافی پینے کی عادت معدے اور دماغ کے درمیان موجود تعلق میں تبدیلیاں لاتی ہے۔
یہ بات آئرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
کورک یونیورسٹی کالج کی تحقیق میں پہلی بار کافی پینے سے معدے اور دماغ کے درمیان موجود تعلق پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کافی پینے کی عادت سے معدے میں موجود بیکٹیریا پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اس طرح یہ مشروب مزاج اور تناؤ پر اثرانداز ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 31 کافی پینے کے عادی افراد اور اس مشروب سے دور رہنے والے 31 افراد کو شامل کیا گیا۔
ان افراد کے جسمانی ٹیسٹ کیے گئے، ان کی غذائی اور کیفین استعمال کرنے کا جائزہ لیا گیا جبکہ پیشاب اور فضلے کے نمونے حاصل کیے گئے۔
اس طرح ان افراد کے معدے میں موجود بیکٹیریا اور جذباتی حالت میں تبدیلیوں کا تجزیہ کیا گیا۔
اس کے بعد کافی پینے والے افراد کو اس مشروب سے 2 ہفتوں تک دور رکھا گیا جس دوران ان کے جسمانی نمونوں اکٹھے کیے گئے اور دماغی صحت کو مانیٹر کیا گیا۔
انہوں نے دریافت کیا کہ کافی سے دور رہنے سے ان افراد کے معدے میں موجود بیکٹیریا میں تبدیلیاں آئیں، مزاج پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
اس کے بعد ان افراد کو دوبارہ کافی کا استعمال شروع کرایا گیا تو ان کے مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوئے جیسے تناؤ، ڈپریشن اور اضطراب گھٹ گیا، جس سے عندیہ ملا کہ کافی سے مزاج پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں ان مخصوص بیکٹیریا کی شناخت بھی کی گئی جو کافی پینے والے افراد کے معدے میں سب سے عام ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق Eggertella sp اور Cryptobacterium curtum سب سے عام بیکٹیریا ہوتے ہیں۔
یہ بیکٹیریا ایسڈ نظام ہاضمہ اور جگر میں موجود ایسڈ کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جس سے جسم کو نقصان دہ بیکٹیریا اور انفیکشنز سے تحفظ ملتا ہے۔
تحقیق کے مطابق زیادہ دلچسپ دریافت یہ تھی کہ کافی پینے سے سیکھنے اور یادداشت جیسی صلاحیتوں میں بہتری آتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل دسمبر 2024 میں پرتگال کی Coimbra یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کافی پینے کو معمول بنانے سے اوسط عمر میں 1.8 سال کا اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس تحقیق میں ماضی کی 50 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی اور یہ دیکھا گیا کہ کافی پینے سے لوگوں کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کافی پینے سے انسانی عمر میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ متعدد امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کافی پینے سے امراض قلب، پھیپھڑوں کے امراض، فالج، کینسر کی کچھ اقسام، ذیابیطس، ڈیمینشیا اور ڈپریشن جیسے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اسی طرح یہ گرم مشروب مسلز اور مدافعتی صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل ایجنگ ریسرچ ریویوز میں شائع ہوئے۔


























Leave a Reply