کلکتہ: مغربی بنگال کی سابق وزیراعلیٰ ممتا بینر جی کے بھتیجے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
بھارتی ریاست مغربی بنگال میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد سابق وزیراعلیٰ ممتا بینرجی کی جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی اعلیٰ قیادت کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ممتا بینر جی کےبھتیجے اور ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بینرجی جو مغربی بنگال کے علاقے سونار پور میں انتخابات کے بعد تشدد کے متاثرین کے اہلخانہ سے ملنے آئے تھے کہ اس دوران ان پر مشتعل افراد نے حملہ کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق مشتعل ہجوم نے ناصرف ابھیشیک بینرجی پر حملہ کیا اور ان پر انڈے برسائے بلکہ ان کے کپڑے بھی پھاڑ ڈالے اور حالات اس قدر بے قابو ہو گئے کہ حفاظت کے لیے ابھیشیک بنرجی کو ہیلمٹ پہننا پڑا۔
دوسری جانب آج ممتا بینرجی کی جماعت کے ایک اور رکن اسمبلی کلیان بینر جی کو بھی حملے کاسامنا کرنا پڑا جس سے ان کے سر پر چوٹ آئی۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں لگاتار 15 سال تک وزیراعلیٰ رہنے والی ممتا بینرجی کی آل انڈیا ترنمول کانگریس پارٹی کو بے جے پی سے شکست کاسامنےکرنا پڑا تھا۔


























Leave a Reply