کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے جید عالم دین اور سابق رکن اسمبلی جے یو آئی مولانا ادریس ترنگ زئی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شاہد آفریدی کے آفیشل فیس بک پیج پرجاری بیان میں کہا گیا کہ ممتاز عالمِ دین، شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس ترنگزئی صاحب کی بزدلانہ قاتلانہ حملے میں شہادت کی خبر پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ ان کی شہادت قبول فرمائے، درجات بلند کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ علم و تقویٰ کا یہ ستارہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اُمید ہے قاتلوں کو جلد بے نقاب کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ منگل کی صبح چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں فتنۃ الخوارج نے جید عالم دین اور سابق رکن اسمبلی جے یو آئی شیخ محمد ادریس کو شہید کردیا تھا۔
شیخ محمد ادریس پر حملہ صبح اس وقت ہوا جب وہ اپنے گھر سے مدرسے کی جانب جا رہے تھے۔
گاڑی میں مولانا ادریس،2 پولیس اہلکار اور ڈرائیور تھے، ملزمان نے گاڑی پرپیچھے سے فائرنگ کی جس سے مولانا ادریس شہید اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
مولانا ادریس کے قتل کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی مردان میں درج کرلی گئی ہے۔


























Leave a Reply