اسلام آباد : نجی اسکولوں نے گرمیوں کی تعطیلات کم کرنے اور 3 اگست سے اسکول کھولنے کا مطالبہ کردیا اور کہا اسکولوں کو جلدی کھولنے سے طلبہ کا تعلیمی حرج نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ اسکول سلوشنز آف پاکستان کے صدر ملک عبدالصمد کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، حکومتی پابندیوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی اسکولوں کی نمائندہ تنظیم نے پنجاب حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جاری گرمیوں کی تعطیلات کے دورانیے کو کم کیا جائے اور نجی تعلیمی اداروں کو طے شدہ تاریخ سے پہلے ہی تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی جائے۔
SCHOOL NEWS FROM ARY NEWS
اجلاس میں شرکاء نے حکومت سے اپیل کی کہ اسکولوں کو موجودہ شیڈول (24 اگست) کے بجائے 3 اگست 2026 سے کھولنے کی اجازت دی جائے۔
ارکان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کو جلدی کھولنے سے طلبہ کا تعلیمی حرج نہیں ہوگا اور تعلیمی ادارے بغیر کسی مزید تاخیر کے اپنا نصاب اور تدریسی عمل جاری رکھ سکیں گے۔
اجلاس میں ملک عبدالصمد نے تمام غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں کیونکہ قانونی تقاضے پورے کر کے ہی رجسٹرڈ ادارے مستقل بنیادوں پر اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجوں کے لیے 22 مئی 2026 سے 23 اگست 2026 تک گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق تمام تعلیمی ادارے پیر 24 اگست 2026 کو دوبارہ کھلنے کے پابند ہیں۔
