Preloader

سابق بھارتی کرکٹر ونود کامبلی کی اولڈ ایج ہوم سینٹر سے سامنے آنے والی ویڈیو نے شائقین کرکٹ کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

بھارت کے سابق کرکٹر ونود کامبلی کی تھانے کے اولڈیج ہوم سینٹر سے سامنے آنے والے نئے ویڈیو نے کرکٹ شائقین کو ان کی صحت کے حوالے سے تشویش میں مبتلا کردیا ہے تاہم کامبلی نے مرکز میں ملنے والی بہترین دیکھ بھال اور محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہاں گھر جیسا محسوس ہوتا ہے۔

سابق کرکٹر اس وقت ندان سینٹر فار ایلڈرلی کیئر میں مقیم ہیں جہاں انہوں نے کیمرے کے سامنے براہِ راست بات کرتے ہوئے وہاں ملنے والے علاج اور محبت کے بارے میں بتایا۔

کامبلی نے مرکز میں موجود سہولیات، بالخصوص صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اعلیٰ معیار کا قرار دیا اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ سابق ہندوستانی بلے باز نے کہا کہ وہاں انہیں ملنے والی دیکھ بھال نے انہیں گھر جیسا احساس دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’مجھے بہت محبت ملی ہے، ‘‘ اور مزید بتایا کہ انہیں ایسا محسوس نہیں ہوتا کہ وہ اپنے گھر سے دور ہیں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گیا جس کے بعد مداحوں نے ان کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا اور سابق ہندوستانی اسٹار کی اچھی صحت کیلئے دعائیں اور نیک خواہشات پیش کیں۔

کامبلی گزشتہ کئی برسوں سے صحت کے مختلف مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ دسمبر 2024 میں انہیں تھانے کے ایک اسپتال میں کم بلڈ پریشر اور پیشاب کی نالی میں انفیکشن کے باعث داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے جسم میں الیکٹرولائٹس کے عدم توازن کی بھی نشاندہی کی تھی جس کی وجہ سے انہیں پٹھوں میں کھنچاؤ اور چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا تھا۔

طبی معائنوں میں دماغ میں پرانے خون کے لوتھڑے بھی پائے گئے جنہیں ماضی میں ہونے والے فالج سے جوڑا گیا تھا۔ تقریباً دو ہفتے کے علاج کے بعد انہیں جنوری 2025 میں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا تھا۔

اس کے بعد کامبلی دوبارہ عوامی زندگی میں نظر آئے تاہم ان کی صحت اور نقل و حرکت اب بھی تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *