وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہےکہ پاکستان خطے میں ایران امریکا تنازع طےکرنےکے لیے مرکزی کردار ادا کر رہا ہے ، چین کی جانب سے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھتر ویں سال گرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کا یہ سفر جاری رہےگا۔ پاکستان کسی خوف اور تردید کے بغیر ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنا رہے ہیں، پاکستان میں موجود ہر چینی باشندے کو سکیورٹی فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، چینی باشندوں کو وہی سکیورٹی ملنی چاہیے جو یہاں صدر اور وزیراعظم کو حاصل ہے۔
ہم دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں، صدر آصف زرداری کے دورے کی طرح میرا دورہ چین بھی تعلقات کو مزید مضبوط کرےگا، پاکستان پہلا اسلامی ملک ہے جس نے چین کو تسلیم کیا، دنیا میں منفرد مثال پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے، سیلاب ہویا کوئی بھی آفت، چین نے بے مثال ساتھ دیا، سی پیک پاکستان کی معیشت اور روزگار کی فراہمی کے لیے اہم ہے۔
پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا دفاع کیاہے، صدر زرداری
تقریب سے خطاب میں صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے ، پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا دفاع کیا ہے، ترقی کا حصول پاکستان اور چین کا مشترکہ خواب ہے، دو طرفہ تعلقات کو عوامی، سیاسی اور ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گلوبل ڈیولپمنٹ، سکیورٹی اور گورننس اقدامات پر چین کا کردار قابل تحسین ہے،گوادربندرگاہ کی تعمیرچین کی جانب سے عظیم تحفہ ہے، رواں سال دوبار چین کا دورہ کیا،صوبائی قیادت،کاروباری اداروں کے درمیان مفید بات چیت ہوئی، پاکستان چین کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کا ہمیشہ احترام کرتا ہے۔


























Leave a Reply