26 سال قبل اس وقت کے روس کے نئے صدر ولادیمیر پیوٹن نے پہلی بار چین کا دورہ کیا تھا اور بیجنگ کے Beihai پارک غیراعلانیہ پہنچے۔
اس پارک کی سیر کے دوران جھیل میں بوٹنگ کے بعد انہوں نے ایک 12 سالہ بچے پینگ پائی سے ملاقات کی اور تصویر کھچوائی۔
اب گزشتہ دنوں روسی صدر نے دورہ چین کے دوران ایک بار پھر پینگ پائی کو خصوصی طور پر ملاقات کے لیے مدعو کیا۔
38 سالہ پینگ پائی اب انجینئر ہیں اور انہوں نے 20 مئی کو روسی صدر سے 26 سال بعد پھر ملاقات کی۔
روسی صدر 2 روزہ دورے پر 19 مئی کو بیجنگ پہنچے تھے اور انہوں نے Diaoyutai اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں پینگ پائی سے ملاقات کی اور روس میں تعلیم کے حصول کے فیصلے کو سراہا۔
روسی صدر نے کہا کہ پینگ پائی کی پیدائش جنوبی چین میں ہوئی جہاں کا موسم ماسکو سے مختلف ہوتا ہے اور کہا کہ توقع ہے کہ پینگ پائی کو روس میں اچھا اور دوستانہ ماحول ملا ہوگا۔
طویل معانقے کے بعد روسی صدر نے پینگ پائی کو گلے لگایا اور تحائف کا تبادلہ کیا جبکہ ولادیمیر پیوٹن نے دونوں کی 26 سال پہلے ہونے والی پہلی ملاقات کی تصویر پر دستخط بھی کیے۔
روسی ریاستی نشریاتی ادارے آر ٹی کے مطابق روسی صدر نے پینگ پائی سے پہلی ملاقات جولائی 2000 میں کی تھی، جب وہ روسی رہنما کے طور پر پہلی بار چین آئے تھے۔
روسی صدر کی پارک میں سیر پہلے سے طے شدہ نہیں تھی اور ان کے وہاں پہنچنے پر اسے بند بھی نہیں کیا گیا تھا۔
اس موقع پر وہ پولیس اہلکاروں کے پاس سے گزرے اور ایک چھوٹے بچے کو دیکھا۔
چینی میڈیا کے مطابق پینگ پائی کے والد نے بیٹے کو جھیل کے کنارے موجود ریلنگ کے قریب بازوؤں میں اٹھایا ہوا تھا تاکہ وہ جھیل کا بہتر نظارہ کرسکے۔
روسی صدر نے بچے کو گود میں اٹھا کر پیشانی کو چوما اور روسی زبان میں کچھ دیر تک بات کی۔
26 سال قبل اس ملاقات کی تصاویر چینی میڈیا کی جانب سے شائع کی گئی تھیں جبکہ پینگ پائی کے خاندان نے بھی ان تصاویر کو سنبھال کر رکھا تھا۔
اس تجربے نے پینگ پائی کے تعلیمی سفر کو تبدیل کیا اور ماسکو آٹو موبائل اینڈ روڈ کنسٹرکشن اسٹیٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی میں روسی حکومت کی اسکالر شپ پر تعلیم حاصل کی اور وہاں سے ماسٹر ڈگری حاصل کی۔
اب پینگ پائی سنیئر انجینئر کے طور پر کام کر رہے ہیں اور اپنے آبائی صوبے Hunan میں ریاستی تعمیراتی کمپنی کے انجینئرنگ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
گزشتہ سال پینگ پائی نے روسی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ وہ ایک بار پھر روسی صدر سے ملاقات کرسکیں گے، جن کو وہ اپنے بچپن کے نیک دل انکل کے طور پر یاد کرتے ہیں۔


























Leave a Reply