جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا عمر میں اضافے کے ساتھ صحت مند رہنے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔
مگر اب دریافت ہوا کہ مسلز کی مضبوطی بھی اس حوالے انتہائی اہم ہوتی ہے اور ہر فرد بہت آسانی سے جان سکتا ہے کہ وہ جسمانی طور پر کتنا فٹ یا مضبوط ہے۔
جرنل جاما نیٹ ورک میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بڑھاپے میں جسمانی طور پر مضبوط فراد میں موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 63 سے 99 سال کی عمر کی 5 ہزار خواتین کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ان خواتین کی صحت کا جائزہ 8 سال تک لیا گیا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جن خواتین کے ہاتھوں کی گرفت مضبوط ہوتی ہے یا تیزی سے کرسی سے کھڑی ہو جاتی ہیں، ان کی لمبی زندگی کا امکان دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 2 سادہ چیزوں پر توجہ مرکوز کی گئی تھی یعنی ہاتھ کی گرفت اور کرسی سے اٹھنے کی رفتار۔
تحقیق کے آغاز میں خواتین کو 5 بار کسی سہارے کے بغیر کرسی پر بیٹھ کر تیزی سے کھڑے ہونے کی ہدایت کی گئی۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ جن خواتین نے شروع میں اس ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کی شرح دیگر کے مقابلے میں کم تھی۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت ہوا کہ ہاتھ کی گرفت میں مضبوطی سے موت کا خطرہ 12 فیصد جبکہ کرسی سے جلد اٹھنے سے یہ خطرہمزید 4 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
درحقیقت تمام تر عناصر جیسے جسمانی سرگرمیوں، بیٹھ کر وقت گزارنے، جسمانی ورم اور دیگر کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی ثابت ہوا کہ یہ دونوں عناصر قبل از وقت موت کے خطرے میں کمی کا عندیہ دیتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ اگر آپ کے مسلز کمزور ہیں اور مختلف سرگرمیاں جیسے چہل قدمی کرنا مشکل ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ اندرونی صحت ٹھیک نہیں۔


























Leave a Reply