بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہےکہ ہم نےکسی کو نہیں کہا تھا کہ بسنت نہ مناؤ، میں نے بھی گھر پر پتنگ اڑائی ہے، میرا بیٹا 6 فروری کو اپنے بچوں کے ساتھ بسنت منانےگیا تھا۔
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سےگفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی کو نہیں کہا تھا کہ بسنت نہ مناؤ، لاہوریوں کو بسنت منانے سے کون روک سکتا ہے، لاہوریوں کا جنون دیکھا بچہ بچہ پتنگیں اڑا رہا تھا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا 6 فروری کو اپنے بچوں کے ساتھ بسنت منانےگیا تھا، میں نے بھی گھر پر پتنگ اڑائی ہے، میرا بڑا بیٹا بسنت کا شوقین ہے، لاہوریوں کو بسنت سے روکنا بڑا مشکل ہے، یہ کسی پارٹی کی بسنت تو نہیں ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن کا کہنا تھا کہ کل کا احتجاج بہت زبردست تھا، لوگوں نے چپ کرکے ووٹ ڈالا تھا احتجاج بھی چپ کرکےکیا، پہلے یہ کہتے تھے گھر بیٹھو اب کہتے ہیں باہر نکلو، پاکستانیوں نے خاموشی سے احتجاج ریکارڈ کرایا، جنہوں نے کل دکانیں بند کرکے احتجاج کرنا تھا انہوں نےکیا، جنہوں نے احتجاج نہیں کرنا تھا انہوں نے نہیں کیا، کل کا احتجاج کامیاب تھا آپ جو مرضی کہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں گزشتہ 2 سال کے کیسز جمع ہوئے تھے، نمایاں پیشرفت یہ ہے کہ اپیلوں پر سماعت کے لیے 3 رکنی بینچ بنا دیا گیا۔


























Leave a Reply