پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پربھارتی میڈیا کے دعوؤں کو مسترد کر دیا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق بھارتی میڈیا جھوٹ پر مبنی دعوے کر رہا ہے، وقت بتائے گا کہ کس نے کس کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی میڈیا دعویٰ کررہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پر پی سی بی نے آئی سی سی سے مبینہ طور پر رابطہ کیا ہے۔
اس سے قبل ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ حکومت پاکستان کی جانب سے آئی سی سی کے دہرے معیار کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت سے میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد آئی سی سی نے پی سی بی کو خط لکھا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کے خط کا جواب دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی نے آئی سی سی کے رابطہ کرنےکے بعد ہی جواب دیا ہے اور یہ آئی سی سی ہی بتائےگی کہ پی سی بی نے خط سے متعلق کیا جواب دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے مسئلےکے حل کے لیے دوسرے بورڈز سے بھی رابطہ کیا ہے۔
خیال رہےکہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنےکا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں تاہم بنگلادیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے، حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلا دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانا چاہتی تھی۔


























Leave a Reply