آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے بھارت سے کھیلنے سے انکار پر بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کا ردعمل سامنے آگیا۔
قومی ٹیم حکومت پاکستان کے فیصلے کے تحت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 15 فروری کو بھارت سے میچ نہیں کھیلے گی جس پر اب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ممبئی میں ٹیموں کے کپتانوں کی میڈیا بریفنگ کے دوران سوریا کمار یادیو نے کہا کہ میچ ہو یا نہ ہو بھارتی ٹیم کولمبو ضرور جائے گی، ہم نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار نہیں کیا بلکہ انکار ان کی جانب سے آیا ہے۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ آئی سی سی نے شیڈول بنایا پھر بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت نے آئی سی سی کے ساتھ مشاورت سے نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا فیصلہ کیا، کولمبو کے لیے ہماری فلائٹ بک ہے اور ہم وہاں جا رہے ہیں آگے کیا ہوتا ہے بعد میں دیکھیں گے۔
پاکستان کے خلاف میچ سے متعلق ٹیم کے ماحول پر بات کرتے ہوئے سوریا کمار کا کہنا تھا کہ ٹیم کی پلاننگ بالکل واضح ہے، پہلے 7 فروری کا میچ، پھر 12 فروری کو نمیبیا سے اور اس کے بعد کولمبو روانگی۔
سوریا کمار نے موجودہ صورتحال پر کہا کہ یہ فیصلہ ان کے اختیار میں نہیں، اگر ہمیں 15 فروری کو کھیلنے کے لیے کہا گیا تو ہم ضرور کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ایشیا کپ کے دوران بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی تناؤ نے کھیل کو متاثر کیا تھا۔
اس وقت بھارتی حکومت کی ہدایت پر بھارتی ٹیم نے پاکستان ٹیم سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا جب کہ بھارت نے ایشیا کپ جیتنے کے باوجود اے سی سی صدر اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی۔

























Leave a Reply